انگلستان-لنکا سیریز: سری لنکا کی بڑے پیمانے پر تبدیلیاں
عالمی کپ کی تیاریوں کے لیے اہم تصور کیے جانے والے دورۂ بھارت میں تمام مقابلوں میں شکست کے بعد اب سری لنکا کے پاس آخری موقع ہے۔ اسے انگلستان کے خلاف 7 ایک روزہ مقابلوں کی سیریز میں لازماً کامیابی حاصل کرنا ہے ورنہ اس کی عالمی کپ کی تیاریاں نازک ترین مرحلے پر پٹڑی سے اتر جائیں گی۔ تو اس آخری موقع کا فائدہ اٹھانے کے لیے سری لنکا سری لنکا کرکٹ نے 15 رکنی دستے کا اعلان کردیا ہے، جس میں توقع کے عین مطابق بڑے پیمانے پر تبدیلیاں کی گئی ہیں۔
بھارت کے دورے میں پانچ-صفر کی ہزیمت سے دوچار ہونے والے دستے میں سے تیز گیندباز نووان کولاسیکرا، دنیش چندیمال، آشان پریانجن، سورج رندیو، سیکوگے پرسنا اور چتورنگا ڈی سلوا سب کو باہر کا راستہ دکھا دیا گیا ہے جبکہ ٹیم پہلے ہی اپنے اہم گیندباز لاستھ مالنگا سے محروم ہو جو ٹخنے کی تکلیف کی وجہ سے اگلے دو ماہ تک نہیں کھیل پائیں گے۔
ان تمام کھلاڑیوں کی جگہ سری لنکا نے چند ایسے کھلاڑیوں کو بھی طلب کیا ہے جو کئی سالوں سے ٹیم میں واپسی کی راہ تک رہے ہیں۔ سب سے اہم تھیلینا کنڈامبی ہیں جو 2011ء کے بعد سے اب قومی دستے سے باہر ہیں۔ اس کے علاوہ دلرووان پیریرا کو 6 سال بعد پہلی بار ٹیم میں جگہ دی گئی ہے۔ ٹیم میں واپس بلائے گئے دیگر کھلاڑیوں میں رنگانا ہیراتھ اور جیون مینڈس بھی شامل ہیں
پچھلے ماہ بھارت کا اچانک دورہ سری لنکا کے لیے عالمی کپ کی تیاریوں کے لیے اہم مرحلہ سمجھا جا رہا تھا، اور پانچ-صفر کی ناکامی کے بعد اب نازک موڑ ثابت ہو رہا ہے۔ انگلستان کے خلاف 7 ایک روزہ مقابلوں کی سیریز کا آغاز 26نومبر کو کولمبو میں پہلے ون ڈے سے ہوگا۔
ابتدائی 3 ایک روزہ مقابلوں کے لیے اعلان کردہ سری لنکا کا دستہ ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے:
اینجلو میتھیوز (کپتان)، اجنتھا مینڈس، تلکارتنے دلشان، تھیسارا پیریرا، تھیلینا کنڈامبی، جیون مینڈس، دلرووان پیریرا، دھمیکا پرساد، رنگانا ہیراتھ، شامنڈا ایرنگا، کمار سنگاکارا، کوشال پیریرا، لاہیرو تھریمانے، لاہیرو گاماگے اور مہیلا جے وردھنے۔