نیوزی لینڈ کا حیران کن فیصلہ، قیادت ولیم سن کے سپرد کردی

0 1,012

ورلڈ کپ سے صرف ڈھائی مہینے پہلے نیوزی لینڈ نے پاکستان کے خلاف اہم سیریز میں کپتان ہی بدل دیا۔ ٹیسٹ سیریز شاندار انداز میں برابر کرنے کے بعد برینڈن میک کولم غالباً آرام کی غرض سے وطن واپس جا رہے ہیں اور ان کی جگہ قائدانہ ذمہ داریاں کین ولیم سن کے سپرد کردی گئی ہیں۔ صرف میک کولم ہی نہیں بلکہ ان کے ساتھ دونوں اہم ترین تیز گیندبازوں ٹم ساؤتھی اور ٹرینٹ بولٹ کو بھی روانگی کا پروانہ تھما دیا گیا ہے اور کہا جا رہا ہے کہ وہ وطن واپس جا کر سری لنکا کے خلاف آئندہ سیریز کی تیاری کریں گے۔

ورلڈ کپ سے چند ہفتے پہلے عالمی نمبر 7 کے تجربات سمجھ سے بالاتر دکھائی دیتے ہیں (تصویر: AFP)
ورلڈ کپ سے چند ہفتے پہلے عالمی نمبر 7 کے تجربات سمجھ سے بالاتر دکھائی دیتے ہیں (تصویر: AFP)

نیوزی لینڈ کرکٹ کی سلیکشن کمیٹی کے جنرل مینیجر بروس ایڈگر کا کہنا ہے کہ میک کولم، ساؤتھی اور بولٹ، تینوں نے حالیہ دنوں میں سخت اور طویل کرکٹ کھیلی ہے اور اس لیے ان پر موجود بوجھ کو کم کرنے کے لیے یہ فیصلہ کیا گیا ہے۔ اس فیصلے سے ہمیں عالمی کپ 2015ء کے لیے حتمی کھلاڑیوں کے انتخاب میں بھی مدد ملے گا اور ساتھ ساتھ مستقبل کے لیے کپتان کی حیثیت سے تیاری کے لیے کین ولیم سن کے تجربے میں بھی اضافہ ہوگا۔

عالمی کپ 2015ء فروری اور مارچ میں آسٹریلیا و نیوزی لینڈ میں کھیلا جائے گا اور اس اہم ترین ٹورنامنٹ سے چند روز پہلے ایک ایسی ٹیم کا تجربات کرنا، جو اس وقت عالمی درجہ بندی میں ساتویں نمبر پر ہے، سمجھ سے بالاتر ہے۔

بہرحال، ان کھلاڑیوں کی جگہ تیز گیندباز ایڈم ملنے اور آل راؤنڈر انتون ڈیوکچ کو طلب کیا گیا ہے، جو 4 دسمبر سے دو ٹی ٹوئنٹی اور اس کے بعد 5 ون ڈے مقابلوں کے لیے پاکستان سے کھیلیں گے۔

کین ولیم سن ماضی میں تین ون ڈے اور دو ٹی ٹوئنٹی مقابلوں میں ملک کی قیادت کر چکے ہیں۔

سری لنکا کے خلاف جس سیریز کی تیاریوں کے لیے تینوں اہم کھلاڑیوں کو وطن واپس بھیجا جا رہا ہے، وہ 2 ٹیسٹ اور 7 ون ڈے مقابلوں پر مشتمل ہے اور 26 دسمبر سے شروع ہوگی۔

پاکستان کے خلاف آئندہ سیریز کے لیے نیوزی لینڈ کا ٹی 20 اور ون ڈے دستہ ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہوگا:

کین ولیم سن (کپتان)، انتون ڈیوکچ، ایڈم ملنے، ٹام لیتھم، جیمز نیشام، ڈینیل ویٹوری، ڈیو براؤنلی، روس ٹیلر، کائل ملز، کوری اینڈرسن، لیوک رونکی،مارٹن گپٹل، مچل میک کلیناگھن، میٹ ہنری اور ناتھن میک کولم۔