سعید اجمل کے عالمی کپ سے باہر ہونے کا خطرہ ٹل گیا

0 1,138

پاکستان سمیت تمام ممالک کو 7 جنوری 2015ء سے پہلے عالمی کپ کے لیے 15 رکنی حتمی دستوں کا اعلان کرنا ضروری ہے اور سعید اجمل کے پاس واپسی کے لیے بہت کم وقت تھا لیکن بین الاقوامی کرکٹ کونسل کے قوانین ان کی عالمی کپ میں شرکت کی راہ ہموار کر سکتے ہیں۔ اگر 7 جنوری کے بعد بھی سعید اجمل کا باؤلنگ ایکشن شفاف قرار دیا جاتا ہے تو وہ عالمی کپ میں پاکستان کی نمائندگی کر سکتے ہیں اور اگر ان کا نام پہلے ہی دستے میں شامل کرلیا جاتا ہے اور وہ حتمی جانچ میں ناکام ہوتے ہیں تو ان کی جگہ کسی متبادل کھلاڑی کو شامل کیا جا سکتا ہے۔

سعید اجمل کے لیے 7 جنوری سے پہلے باؤلنگ ایکشن کلیئر کروانا ضروری نہیں، وہ بعد میں بھی دستے میں شامل ہوسکتے ہیں (تصویر: AFP)
سعید اجمل کے لیے 7 جنوری سے پہلے باؤلنگ ایکشن کلیئر کروانا ضروری نہیں، وہ بعد میں بھی دستے میں شامل ہوسکتے ہیں (تصویر: AFP)

ڈیڈ لائن میں اب صرف دو ہفتے باقی ہیں اور سعید اجمل، اور ان کے بعد دوسرے اہم ترین پاکستانی اسپنر محمد حفیظ، کے لیے کئی مراحل ابھی باقی ہیں۔ دونوں اپنے باؤلنگ ایکشن کو قانونی دائرے میں لانے کے لیے تبدیلی پر کام کر چکے ہیں اور اب غیر سرکاری جانچ بھارت کے شہر چنئی جانے کے منتظر ہیں۔ اپنے باؤلنگ ایکشن کی ابتدائی جانچ کے بعد وہ نتائج کی بنیاد پر آئی سی سی کو باضابطہ درخواست دے گے کہ وہ ان کی حتمی جانچ کرے۔ کلیئر ہونے کی صورت میں انہیں بین الاقوامی کرکٹ میں باؤلنگ کی اجازت مل جائے گی اور ناکامی کی صورت میں ایک، ایک سال کی پابندی کی سزا بھگتنا ہوگی۔

حالیہ چند دنوں میں متعدد گیندباز آئی سی سی کی جانب سے پابندی کا نشانہ بننے کے بعد اپنے باؤلنگ ایکشن پر دوبارہ کام کرکے اسے شفاف قرار دلوانے میں کامیاب ہوئے ہیں۔ اس لیے امید ہے کہ اگر چنئی میں ابتدائی جانچ میں نتائج حوصلہ افزاء ثابت ہوئے تو دونوں عالمی کپ میں پاکستان کی نمائندگی کر پائیں گے۔ محمد حفیظ تو شاید بلے باز کی حیثیت سے ویسے ہی منتخب ہوجائیں لیکن سعید اجمل صرف اسی صورت میں قومی کرکٹ ٹیم میں کھیل سکتے ہیں جب انہیں باؤلنگ کی اجازت ہو۔ برطانیہ میں گزشتہ جانچ میں ان کے "دوسرا" کے علاوہ باقی تمام گیندیں قانونی دائرے کے اندر تھیں۔

اب انتظار اس بات کا ہے کہ جلد دونوں گیندبازوں کو بھارت کے ویزے ملیں اور وہ ابتدائی جانچ کا مرحلہ تو طے کرلیں اس کے بعد آئی سی سی کا رخ کرنے کا وقت جائے گا۔