ویراٹ کوہلی "بہت جذباتی" قائد ہوں گے: شاہد آفریدی
پاکستان کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز آل راؤنڈر شاہد خان آفریدی نے کہا ہے کہ نئے بھارتی قائد ویراٹ کوہلی بہت جذباتی قسم کے کھلاڑی ہیں اور انہیں سابق کپتان مہندر سنگھ دھونی کا خلا پر کرنے میں کچھ وقت درکار ہوگا۔
ٹی ٹوینٹی طرز کرکٹ میں پاکستانی ٹیم کی قیادت کرنے والے شاہد آفریدی نے دھونی کی ٹیسٹ کرکٹ سے اچانک ریٹائرمنٹ پر افسوس کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ دھونی بہت اچھے قائد تھے جنہوں نے تمام طرز کی کرکٹ میں بھارتی کرکٹ ٹیم کو کامیابی کے سفر پر گامزن کیا۔ دھونی نے ہمیشہ آگے بڑھ کر ٹیم کو درپیش بحرانوں سے نکالا اور اسے فتح سے ہمکنار کیا۔
کوہلی کے حوالے سے شاہد آفریدی نے مزید کہا کہ وہ ویراٹ کو بحیثیت کھلاڑی پسند کرتے ہیں لیکن بھارت کو ایک بہت اچھے قائد کی ضرورت ہے۔
یاد رہے کہ آسٹریلیا سے ٹیسٹ سیریز ہارنے کے بعد مہندر سنگھ دھونی نے ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا تھا جس کے بعد ویراٹ کوہلی کو بھارتی ٹیم کا نیا قائد مقرر کیا گیا ہے۔ ویراٹ آسٹریلیا کے خلاف سیریز کے چوتھے و آخری ٹیسٹ میں ٹیم کی قیادت کریں گے جو 6 جنوری سے سڈنی میں کھیلا جائے گا۔