عالمی کپ 2015ء: آسٹریلیا کا حتمی دستہ ظاہر، کلارک کا انتظار کیا جائے گا

0 1,020

عالمی نمبر ایک اور ورلڈ کپ 2015ء کے میزبان آسٹریلیا نے بھی اگلے ماہ سے شروع ہونے والی عالمی اعزاز کی دوڑ کے لیے اپنے 15 کھلاڑیوں کے نام ظاہر کردیے ہیں، جن میں زخمی کپتان مائیکل کلارک بھی شامل ہیں۔

اگر کلارک آسٹریلیا کے ابتدائی دو مقابلوں تک فٹ ہوگئے تو وہ عالمی کپ کھیل سکیں گے، ورنہ انہیں باہر کردیا جائے گا (تصویر: Getty Images)
اگر کلارک آسٹریلیا کے ابتدائی دو مقابلوں تک فٹ ہوگئے تو وہ عالمی کپ کھیل سکیں گے، ورنہ انہیں باہر کردیا جائے گا (تصویر: Getty Images)

آسٹریلیا کے ٹیسٹ اور ایک روزہ قائد کلارک اس وقت ران کے پٹھے میں تکلیف کے شکار ہیں۔ بھارت کے خلاف حالیہ ٹیسٹ سیریز اور آئندہ سہ فریقی ٹورنامنٹ میں تو وہ سرے سے شرکت نہیں کررہے، بلکہ ان کے عالمی کپ کے آغاز تک فٹ ہونے کے امکانات بھی نہیں ہیں۔ اس لیے کرکٹ آسٹریلیا نے کلارک کو 21 فروری تک کا وقت دیا ہے کہ اگر وہ اس وقت تک اپنی صحت یابی ثابت کرنے میں کامیاب ہوگئے تو انہیں عالمی کپ کھلایا جائے گا، دوسری صورت میں قیادت نائب کپتان جارج بیلی کریں گے جبکہ ان کی جگہ بلے باز کی حیثیت سے کسی دوسرے کھلاڑی کو شامل کیا جائے گا۔

آسٹریلیا عالمی کپ کے پہلے ہی دن روایتی حریف انگلستان کے خلاف اپنا پہلا میچ کھیلے گا جس کے بعد وہ 21 فروری کو ایڈیلیڈ میں بنگلہ دیش کے مقابل آئے گا اور اسی میچ تک کلارک کو ثابت کرنا ہوگا کہ وہ فٹ ہیں۔ چیئرمین سلیکٹرز روڈ مارش کا کہنا ہے کہ "ہماری عالمی کپ مہم کے قائد مائیکل کلارک ہوں گے، بشرطیکہ وہ صحت یاب ہوجائیں۔ وہ بلاشبہ دنیا کے بہترین بلے بازوں میں سے ایک ہیں۔"

مائیکل کلارک کی عدم موجودگی میں عالمی کپ میں جارج بیلی ہی آسٹریلیا کی قیادت کریں گے۔ اسٹیون اسمتھ کو ٹیسٹ دستے کا قائد مقرر کرنے کے بعد ایسا محسوس ہو رہا تھا کہ شاید بیلی کی جگہ کو خطرہ لاحق ہوجائے لیکن آسٹریلیا عالمی کپ سے قبل کپتان تبدیل کرکے ہرگز ٹیم کو بحران سے دوچار نہیں کرے گا، یہی وجہ ہے کہ بیلی ہی قائم مقام کی حیثیت سے قیادت کے فرائض انجام دیں گے۔

1992ء میں عالمی کپ کی میزبانی کرنے والا آسٹریلیا اس وقت ناک آؤٹ مرحلے تک ہی رسائی حاصل نہیں کر پایا تھا لیکن اس بار عالمی نمبر ایک حیثیت سے اس کے امکانات بہت زیادہ ہیں۔

اعلان کردہ دستہ ہر لحاظ سے ایک بہترین ٹیم ہے، جس میں ڈیوڈ وارنر اور آرون فنچ جیسے جارح اوپنرز، اسٹیون اسمتھ جیسا ان فارم بیٹسمین اور نچلے آرڈر میں گلین میکس ویل، جیمز فاکنر اور بریڈ ہیڈن جیسے دھواں دار بلے بازی کرنے والے شامل ہیں۔ گیندبازوں میں مچل جانسن، مچل اسٹارک، جوش ہیزل ووڈ اور پیٹ کمنز تیز باؤلنگ سنبھالیں گے اور ان کا ساتھ دینے کے لیے جیمز فاکنر اور مچل مارش ہوں گے جبکہ ناتھن لیون کے بجائے زاویئر ڈوہرٹی کو اسپن ذمہ داریاں سونپی گئی ہیں۔

اعلان کردہ دستہ:

مائیکل کلارک (کپتان)، جارج بیلی (نائب کپتان)، اسٹیون اسمتھ، آرون فنچ، بریڈ ہیڈن، پیٹ کمنز، جوش ہیزل ووڈ، جیمز فاکنر، ڈیوڈ وارنر، زاویئر ڈوہرٹی، شین واٹسن، گلین میکس ویل، مچل اسٹارک، مچل جانسن اور مچل مارش۔