عمران خان کی نظریں سپر 8 ٹی ٹوئنٹی کپ پر

0 1,625

عالمی کپ سے پہلے پاکستان کرکٹ بورڈ نے قومی کلینڈر کے اہم ٹورنامنٹ پنٹاگولر کپ کے انعقاد کا فیصلہ کیا اور کسی اور کو فائدہ ہوا ہو یا نہیں لیکن سہیل خان کو عالمی کپ کےحتمی دستے میں شمولیت سے زبردست فائدہ پہنچا۔ لیکن ان کی عمدہ کارکردگی بھی سندھ نائٹس کو ٹورنامنٹ نہ جتوا سکی اور فائنل خیبر پختونخواہ فائٹرز نے شاندار کارکردگی دکھانے کے بعد اپنے نام کیا۔ فائنل میں خیبر پختونخواہ فائٹرز نے بلوچستان واریئرز کو باآسانی 6 وکٹوں سے شکست دی اور یوں قومی ٹی ٹوئنٹی کپ کے بعد ایک روزہ چیمپئن بننے کا اعزاز بھی حاصل کیا۔ اب نظریں سپر8 ٹی ٹوئنٹی کپ پر ہیں جو ممکنہ طور پر رواں سال اپریل میں کھیلا جائے گا۔

آسٹریلیا کے کپتان مائیکل کلارک کو کلین بولڈ کرنا عمران خان کے کیریئر کا اب تک سب سے یادگار لمحہ ہے (تصویر: Getty Images)
آسٹریلیا کے کپتان مائیکل کلارک کو کلین بولڈ کرنا عمران خان کے کیریئر کا اب تک سب سے یادگار لمحہ ہے (تصویر: Getty Images)

خیبر پختونخواہ کے تیز گیندباز، اور حال ہی میں پاکستان کی جانب سے 3 ٹیسٹ مقابلے کھیلنے والے، عمران خان کا ہدف سپر8 جیت کر چیمپئنز لیگ میں جگہ بنانے پر ہیں اور وہ چاہتے ہیں کہ وہ مختصر طرز کی کرکٹ میں بھی اپنا سکہ جمائیں۔ عمران نے قومی ٹی ٹوئنٹی کپ میں سب سے زیادہ وکٹیں لے کر پشاور پینتھرز کی جیت میں کلیدی کردار ادا کیا تھا۔

68 فرسٹ کلاس مقابلوں میں 264 وکٹیں رکھنے والے عمران خان نے "کرک نامہ" سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وہ تینوں طرز کی کرکٹ میں عمدہ باؤلنگ کی صلاحیت رکھتے ہیں اور محض ٹیسٹ کرکٹ تک محدود نہیں۔ 27 سالہ عمران نے اکتوبر میں آسٹریلیا کے خلاف اپنے ٹیسٹ کیریئر کا آغاز کیا تھا اور اب تک تین ٹیسٹ مقابلوں میں 7 وکٹیں لے چکے ہیں جن میں 60 رنز دے کر 3 وکٹیں ان کی بہترین کارکردگی ہے۔

عالمی کپ کے لیے حتمی 15 رکنی دستے میں عدم شمولیت کے باوجود عمران خان کہتے ہیں کہ گو کہ عالمی کپ کھیلنا ہر کھلاڑی کا خواب ہوتا ہے، تاہم مجھ میں اب بھی بہت کرکٹ باقی ہے اور کوشش کروں گا کہ پاکستان ٹیم کا مستقل رکن بنوں۔

بین الاقوامی کرکٹ تک اپنے سفر میں کامیابی کا سہرا انہوں نے وسیم اکرم اور موجودہ ہیڈ کوچ وقار یونس کے سر باندھا۔ انہوں نے کہا کہ کراچی میں منعقدہ کیمپ کے دوران وسیم اکرم نے میری باؤلنگ میں کافی نکھار پیدا کیا اور آسٹریلیا کے خلاف حالیہ ٹیسٹ سیریز میں وقار یونس کی رہنمائی نے مجھے مزید آگے بڑھنے کی صلاحیت سے لیس کیا ہے۔

ان سوئنگ اور آؤٹ سوئنگ دونوں پر عبور رکھنے والے عمران خان نے اپنے دوسرے ٹیسٹ میں آسٹریلیا کے کپتان مائیکل کلارک کو کلین بولڈ کیا تھا۔ بھرپور سوئنگ لینے والے یہ گیند مائیکل کلارک کے بلے اور پیڈ کے درمیان ہوتی ہوئی وکٹوں میں گھس گئی تھی۔ بلاشبہ یہ عمران خان کے کیریئر کا یادگار ترین لمحہ ہے۔

عمران خان کا کہنا ہے کہ وہ محنت سے جی نہیں گھبراتے اور کوشش ہوتی ہے کہ کسی بھی سطح کا مقابلہ ہو، اپنی باؤلنگ کے ذریعے ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کریں۔