بلاول بھٹی دورۂ نیوزی لینڈ سے عالمی کپ تک پہنچنے کے خواہشمند

1 1,071

پاکستان کے کرکٹ شائقین کو جس کا خطرہ تھا، بالآخر وہی بات ہوئی۔ اہم گیندباز جنید خان عالمی کپ سے پہلے آخری سیریز سے باہر ہوگئے ہیں لیکن ان کا اخراج نوجوان آل راؤنڈر بلاول بھٹی کے لیے امید کی کرن ثابت ہوا ہے جو دورۂ نیوزی لینڈ میں جنید خان کی جگہ لیں گے اور اگر جنید فٹ نہ ہوسکے اور بلاول عمدہ کارکردگی دکھانے میں بھی کامیاب رہے تو شاید عالمی کپ میں ہمیں ساڑھے پانچ فٹ قامت کے بھٹی کھیلتے نظر آئیں۔

بلاول بھٹی دورۂ نیوزی لینڈ میں عمدہ کارکردگی دکھا کر عالمی کپ تک پہنچنا چاہتے ہیں (تصویر: Getty Images)
بلاول بھٹی دورۂ نیوزی لینڈ میں عمدہ کارکردگی دکھا کر عالمی کپ تک پہنچنا چاہتے ہیں (تصویر: Getty Images)

بلاول بھٹی اچانک طلب کیے جانے پر خوش بھی ہیں اور انہیں اس بھاری ذمہ داری کا بھی احساس ہے جو اب ان کے کاندھوں پر آن پڑی ہے۔بلاول عالمی کپ کے لیے اعلان کردہ 30 رکنی ابتدائی دستے میں شامل تھے لیکن حتمی 15 رکنی اسکواڈ میں جگہ حاصل نہ کرسکے۔ لیکن اب وہ سمجھتے ہیں کہ نیوزی لینڈ کے دورے کی صورت میں انہیں عالمی کپ میں شمولیت کی کرن نظر آ رہی ہے۔

کرک نامہ سے گفتگو کرتے ہوئے بلاول بھٹی نے کہا کہ "نیوزی لینڈ کی وکٹیں اور حالات میرے لیے موزوں ہیں اور میری پوری کوشش ہوگی کہ وہاں بھرپور کارکردگی دکھاؤں۔" نومبر 2013ء میں جنوبی افریقہ کے خلاف اپنے پہلے ہی ایک روزہ میں شاندار آل راؤنڈ کارکردگی دکھانے والے بلاول کا کہنا ہے کہ "دورۂ جنوبی افریقہ کا تجربہ مجھے نیوزی لینڈ میں بہت کام آئے گا۔" بھٹی نے اپنے پہلے ون ڈے میں ہی 25 گیندوں پر 39 رنز اور 37 رنز دے کر 3 وکٹیں حاصل کرکے سب کی توجہ اپنی جانب مبذول کروائی تھی اور یہی وجہ ہے کہ وہ اپنے دہرے کردار کو سمجھتے ہیں۔ "مجھے اچھی طرح اندازہ ہے کہ نیوزی لینڈ میں گیند سے ہی نہیں بلکہ بلّے سے بھی کارکردگی دکھانی ہے اور میری تمام توجہ اب آنے والے مقابلوں پر مرکوز ہے۔"

ساتھی گیند باز جنید خان کے اچانک باہر ہوجانے پر بلاول بھٹی نے افسوس کا اظہار کیا اور کہا کہ "میں خود کو خوش نصیب سمجھتا ہوں، اللہ نے مجھے موقع دیا ہے اور میں ویسی ہی کارکردگی دکھانا چاہتا ہوں جو ثابت کرے کہ میں جنید خان کی جگہ پانے کا اہل تھا۔"

گزشتہ سال ایشیا کپ کے بعد سے قومی دستے سے باہر بلاول بھٹی اس وقت مکمل طور پر فٹ اور اچھی فارم میں ہیں اور ماضی کے عظیم گیندباز وقار یونس کی کوچنگ میں بہت کچھ سیکھنے کے خواہشمند ہیں۔ "نیوزی لینڈ میں دو ون ڈے میچز کھیلنے ہی کا موقع ملے گا، مجھے اندازہ ہے کہ یہی دو مقابلے ہیں جن میں مجھے کچھ کر دکھانا ہے تاکہ اگر جنید خان عالمی کپ کے لیے دستیاب نہ ہوں تو کارکردگی کی بنیاد پر میرا انتخاب ہو یعنی ہر مقابلے میں ایسی کارکردگی دکھاؤں جو مین آف دی میچ والی ہو۔"

بلاول بھٹی نے اب تک صرف 2 ٹیسٹ، 8 ون ڈے اور 7 ٹی ٹوئنٹی مقابلوں میں پاکستان کی نمائندگی کی اور کل 16 بین الاقوامی وکٹیں حاصل کی ہیں، جو ان کی فرسٹ کلاس اور لسٹ 'اے' کارکردگی کو درست ترجمانی نہیں کرتی لیکن اب نیوزی لینڈ کے سازگار حالات میں انہیں موقع ملے گا کہ وہ ویسے ہی خود کو ثابت کریں جیسے دورۂ جنوبی افریقہ میں کیا تھا۔