رچی رچرڈسن ویسٹ انڈیز کے مینیجر مقرر

0 1,032

ماضی کے عظیم کھلاڑی اور ویسٹ انڈیز کے سابق کپتان رچی رچرڈسن کو اگلے دو سالوں کے لیے ویسٹ انڈین کرکٹ ٹیم کا مینیجر مقرر کر دیا ہے اور اس فیصلے کا اطلاق فوری طور پر ہوگا۔ ان کی ابتدائی ذمہ داریاں سری لنکا کے لیے ایک روزہ مقابلے اور عالمی کپ 2011ء ہوگی۔

رچرڈسن نے اس فیصلے پر اظہار مسرت کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ ویسٹ انڈیز کرکٹ کے لیے ایک مرتبہ پھر خدمات انجام دینے کا موقع ملنے پر بہت فخر محسوس کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میں سمجھتا ہوں کہ خطے میں کرکٹ کو ماضی کی عظمتیں لوٹانے کے لیے کی جانے والی کوششوں میں مدد کرنا میرے لیے بہت ضروری ہے۔ ماضی میں ایک کھلاڑی اور کپتان کی حیثیت سے میں نے ویسٹ انڈیز کرکٹ کے لیے سب کچھ کیا۔ اب ہم ایک نئے موڑ پر کھڑے ہیں اور مجھے موقع ملا ہے کہ اس مرتبہ میں میدان سے باہر اپنی خدمات انجام دے کر ویسٹ انڈیز کرکٹ کی ترقی اور اس کے احیاء میں اپنا حصہ ڈالوں۔

ویسٹ انڈیز کرکٹ بورڈ کے سربراہ ارنسٹ ہلیئر نے کہا کہ رچی ویسٹ انڈیز کی ٹیم انتظامیہ میں ایک شاندار اضافہ ہیں۔ وہ نہ صرف ایک عظیم سابق کپتان اور بلے باز ہیں بلکہ ایک ماہر کاروباری شخصیت بھی ہیں اور یہی بات انہیں ویسٹ انڈیز کرکٹ کی تمام شعبوں میں مہارت میں اضافہ کرنے والی بہترین شخصیت بناتی ہے۔

86 ٹیسٹ اور 224 ایک روزہ مقابلوں میں ویسٹ انڈیز کی نمائندگی کرنے والے رچی رچرڈسن 1996ء میں عالمی کرکٹ سے ریٹائر ہوئے۔ ان کے دور قیادت میں ویسٹ انڈیز آخری مرتبہ کالی آندھی بنا۔ رچی اپنے پیشرو ویون رچرڈز کی طرح ہیلمٹ نہیں پہنتے تھے اور ان کا سن ہیٹ ان کی علامت بن گیا تھا۔