امارات کے خلاف اہم مقابلے میں گیل کی شرکت مشکوک

0 1,011

بھارت کے ہاتھوں شکست کے بعد ویسٹ انڈیز کی عالمی کپ مہم اب لبِ گور ہے اور اس کا تمام تر انحصار اتوار کو متحدہ عرب امارات کے خلاف مقابلے پر ہے کہ جہاں ایک بڑی فتح ہی ویسٹ انڈیز کی امیدوں کا چراغ روشن کر سکتی ہے لیکن اس اہم مقابلے سے قبل ایک بڑا دھچکا پہنچنے والا ہے کیونکہ کرس گیل کا کھیلنا مشکوک ہے۔

زمبابوے کے خلاف مقابلے میں ڈبل سنچری داغ کے خطرے کی گھنٹی بجانے والے کرس گیل اس وقت پیٹھ میں درد میں مبتلا ہیں۔ وہ ٹیم کے متعدد تربیتی سیشنز میں بھی حصہ نہیں لے پائے بلکہ میدان تک بھی نہیں آئے اور ہوٹل میں آرام کرتے رہے۔

کوچ اسٹورٹ ولیمز نے بھی اس حوالے سے کوئی واضح جواب نہیں دیا بلکہ اتنا کہا کہ اگر صورتحال بہتر نہ ہوئی تو گیل کو اس مقابلے میں کھلانے کا خطرہ مول نہیں لیں گے۔ "ہر میچ میں گیل کو کھلانا چاہتے ہیں لیکن ان کی فٹنس میں بہتری کے بعد ہی کوئی فیصلہ ہوگا۔"

ویسٹ انڈیز اس وقت پاکستان اور آئرلینڈ کے ساتھ کوارٹر فائنل کی دوڑ میں شامل ہے۔ گروپ 'بی' میں بھارت اور جنوبی افریقہ کے اگلے مرحلے میں پہنچ جانے کے بعد اب باقی دو نشستوں پر ان تینوں ٹیموں کی نظریں ہیں۔ ویسٹ انڈیز کا مسئلہ یہ ہے کہ وہ نیٹ رن ریٹ میں پاکستان اور آئرلینڈ دونوں سے پیچھے ہے اور متحدہ عرب امارات کے خلاف اسے بہترین موقع ملے گا کہ وہ 2 قیمتی پوائنٹس حاصل کرنے کے ساتھ رن ریٹ کو بھی بہتر بنائے۔ اسی صورت میں وہ پاک-آئرلینڈ مقابلے کی شکست خوردہ ٹیم کو پیچھے چھوڑ کر عالمی کپ کے کوارٹر فائنل میں پہنچ سکتاہے۔