سعید اجمل کے لیے ستارۂ امتیاز

2 1,052

حکومت پاکستان نے کرکٹ کے میدانوں میں شاندار کارکردگی اور دنیا بھر میں ملک کا نام روشن کرنے پر اسپن گیندباز سعید اجمل کو اعلیٰ ترین شہری اعزازات میں سے ایک 'ستارۂ امتیاز' سے نوازا ہے۔

37 سالہ سعید اجمل 35 ٹیسٹ، 111 ایک روزہ اور 63 ایک روزہ مقابلوں میں ملک کی نمائندگی کر چکے ہیں اور مجموعی طور پر 446 وکٹیں حاصل کر چکے ہیں۔ وہ تینوں طرز کی کرکٹ میں دنیا کے نمبر ایک باؤلر بھی رہ چکے ہیں البتہ حال ہی میں ان کے باؤلنگ ایکشن پر اعتراض کرکے ان پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔ سعید اجمل شبانہ روز محنت کے بعد اپنے باؤلنگ ایکشن کو قانونی حدود کے اندر لے کر آئے۔

ستارۂ امتیاز پاکستان کا تیسرا اعلیٰ ترین شہری اعزاز ہے جو سعید اجمل سے قبل جاوید میانداد، محمد یوسف، انضمام الحق اور امپائر علیم ڈار بھی حاصل کر چکے ہیں۔ البتہ پاکستان نے عالمی کپ جیتنے پر سابق کپتان عمران خان کو 1992ء میں دوسرا اعلیٰ ترین شہری اعزاز ہلال امتیاز دیا تھا اور 10 سال بعد 2012ء میں عبد الحفیظ کاردار اور فضل محمودکو بھی اس اعزاز سے نوازا گیا تھا۔

سعید اجمل کو ستارۂ امتیاز دینے کا اعلان گزشتہ یوم آزادی یعنی 14 اگست 2014ء کو دیا گیا تھا اور اعلیٰ ترین اعزازات میں سے ایک انہیں آج یعنی سوموار کو گورنر ہاؤس، لاہور میں منعقدہ تقریب میں دیا گيا ۔