دورہ آئرلینڈ کے لیے پاکستانی ٹیم کا اعلان؛ آفریدی کی جگہ مصباح قائد مقرر

4 1,091

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے دورۂ آئرلینڈ کے لیے پاکستانی ٹیم کا اعلان کرتے ہوئے شاہد آفریدی کو قیادت سے ہٹائے جانے کی خبروں کی بھی تصدیق کر دی ہے۔ پی سی بی کا یہ دلچسپ فیصلہ بورڈ کے سربراہ اعجاز بٹ نے ایک میڈیا کانفرنس کے دوران سنایا اور ساتھ ہی پاکستانی ٹیسٹ ٹیم کے موجودہ قائد مصباح الحق کو دورۂ آئرلینڈ کے لیے کپتان مقرر کیے جانے کا بھی اعلان کیا۔ اس طرح کئی دنوں سے پھیلی ہوئی افواہیں سچ ثابت ہوئیں جن میں کہا جا رہا تھا کہ شاہد آفریدی دورۂ آئرلینڈ میں ٹیم کے کپتان نہیں ہوں گے۔

ٹیم کی قیادت پر پاکستان کرکٹ بورڈ کے پیدا کردہ تنازع کے اچھے نتائج برآمد نہیں ہوں گے (تصویر: ایسوسی ایٹڈ پریس)

اعجاز بٹ نے شاہد آفریدی کو کپتانی سے ہٹائے جانے کی وجوہات نہیں بتائیں تاہم عام خیال ہے کہ دورۂ ویسٹ انڈیز مکمل کرنے کے بعد وطن واپس پہنچنے پر آفریدی کا دیا جانے والا بیان ہی اس کی کلیدی وجہ ہے۔

مصباح الحق اس وقت ٹیم کے ساتھ ویسٹ انڈیز کے دورہ پر موجود ہیں جہاں پاکستانی ٹیم میزبان ملک کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ میں شکست سے دوچار ہوچکی ہے۔ یاد رہے کہ پاکستان نے اسی دورے میں شاہد خان آفریدی کی قیادت میں ویسٹ انڈیز کو 5 ایک روزہ مقابلوں کی سیریز میں 3-2 سے مات دی تھی۔

آئرلینڈ کے خلاف دو ایک روزہ مقابلوں کے لیے اعلان کردہ دستے میں ویسٹ انڈیز کے دورے پر موجود تمام کھلاڑیوں کے علاوہ شاہد آفریدی اور یونس خان کو طلب کیا گیا ہے۔ اس سے قبل یونس خان ٹیسٹ مقابلوں میں شرکت کے لیے ویسٹ انڈیز گئے تھے لیکن اپنے بڑے بھائی کے اچانک انتقال کے باعث انہیں ہنگامی طور پر وطن واپس آنا پڑا تھا۔

پی سی بی کی جانب سے آفریدی کی موجودگی ہی میں کپتانی کا تاج کسی اور کے سر پر سجا دینے کا فیصلہ ٹیم میں سیاست کے فروغ کا باعث بن سکتا ہے۔ گزشتہ دنوں پی سی بی کے سربراہ کی جانب سے 'پلیئرز پاور' ختم کرنے کے اعلان کے برعکس یہ نیا فیصلہ ٹیم میں گروہ بندی اور سینئر و نوجوان کھلاڑی کے درمیان خلیج بڑھنے کا باعث بنے گا۔

حقیقت یہ ہے کہ شاہد آفریدی کی قیادت سے نجانے کیوں بورڈ ابتداء ہی سے خوش نہیں دکھائی دیتا تھا۔ یہی وجہ ہے کہ جنوبی افریقہ کے خلاف ٹیسٹ سیریز برابر کرنے میں کلیدی کردار ادا کرنے سے لے کر اب تک بورڈ کا جھکاؤ واضح طور پر مصباح الحق کی جانب ہے۔ نیوزی لینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز جیتنے کے بعد ایک روزہ سیریز اور عالمی کپ 2011ء کے لیے بھی بورڈ کی خواہش تھی کہ مصباح کو کپتان بنایا جائے لیکن ماہرین کرکٹ اور عوام کے دباؤ کے باعث بورڈ کو بالآخر شاہد آفریدی کے حق میں فیصلہ کرنا پڑا۔ اب کوچ کے ساتھ جھگڑے کے معاملے کو بڑھاوا دیتے ہوئے بورڈ نے انہیں قیادت سے ہٹا تو دیا ہے لیکن اگر بطور کھلاڑی انہیں ٹیم میں شامل کر کے ایک بہت بڑی غلطی کی ہے۔ اگر انہیں انضباطی مسائل کے باعث قیادت سے ہٹایا ہی گیا تھا تو معاملے کو سلجھنے تک انہیں ٹیم میں شامل کرنے کی بھی کوئی وجہ نہیں بنتی تھی۔ البتہ فی الوقت یہ کہنا قبل از وقت ہوگا کہ شاہد آفریدی کو مستقل طور پر کپتان کے عہدے سے ہٹا دیا گیا ہے۔

دورۂ آئرلینڈ کے لیے اعلان کردہ 16 رکنی پاکستانی دستے میں شامل کھلاڑیوں کے نام یہ ہیں:

مصباح الحق (کپتان)، اسد شفیق، اظہر علی، تنویر احمد، توفیق عمر، جنید خان، حماد اعظم، سعید اجمل، شاہد آفریدی، عبدالرحمن، عمر اکمل، عمر گل، محمد حفیظ، محمد سلمان، وہاب ریاض اور یونس خان۔