افغانستان کے خلاف میچ ایبٹ آباد سے اسلام آباد منتقل
پاکستان نے افغانستان کے خلاف سیریز کے طے شدہ مقامات میں کچھ تبدیلی کردی ہے اور ایک میچ ایبٹ آباد کے بجائے اسلام آباد میں کھیلا جائے گا۔
ایبٹ آباد 2 مئی کو القاعدہ کے رہنما اسامہ بن لادن کے خلاف امریکہ کے آپریشن کے باعث عالمی شہرت اختیار کر گیا تھا اور شہر میں سیکورٹی کی صورتحال کے باعث پاکستان کرکٹ بورڈ نے افغانستان اور پاکستان 'اے' کے درمیان طے شدہ مقابلے کو ایبٹ آباد سے اسلام آباد منتقل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ تاہم پی سی بی کے جاری کردہ اعلامیہ میں مقام کی منتقلی کی کوئی وجہ نہیں بتائی گئی۔
نئے اعلان کے بعد اب سیریز کا پہلا میچ 25 مئی کو اسلام آباد کے ڈائمنڈ گراؤنڈ میں کھیلا جائے گا۔ ایک روز کے وقفے کے بعد دونوں ٹیمیں راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم، راولپنڈی میں آمنے سامنے ہوں گی جبکہ سیریز کا تیسرا و آخری میچ 29 مئی بروز اتوار فیصل آباد کے اقبال اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا جو ڈے/نائٹ میچ ہوگا۔
واضح رہے کا مارچ 2009ء کے بعد یہ کسی بھی غیر ملکی ٹیم کا پہلا دورۂ پاکستان ہوگا۔ 2009ء میں سری لنکا پاکستان آنے والی آخری ٹیم تھی جس پر ہونے والے دہشت گرد حملے کے بعد پاکستان میں بین الاقوامی کرکٹ کے دروازے بند ہو گئے۔