پاکستان کو زبردست دھچکا، وہاب ریاض زخمی
سری لنکا میں پاکستان کو طویل عرصے کے بعد پہلی فتح حاصل کیے ہوئے چند دن نہ گزرے ہوں گے کہ ارادوں کو ایک سخت دھچکا پہنچا ہے، اہم ترین گیندباز وہاب ریاض زخمی ہونے کے بعد ایک مہینے کے لیے کھیل سے باہر ہوگئے ہیں یعنی کہ ٹیسٹ سیریز تو ان کے ہاتھ سے گئی، شاید ایک روزہ میں بھی میدانِ عمل میں نہ دکھائی دیں۔
وہاب ریاض کولمبو میں جاری دوسرے ٹیسٹ کے دوران اس وقت زخمی ہوئے تھے جب پاکستان کی پہلی اننگز میں ایک گیند ان کے بائیں ہاتھ پر لگا تھا۔ سری لنکا کے تیز گیندباز دشمنتھا چمیرا کی ایک گیند ان کے دستانے پر لگی تھی۔ گو کہ وہاب ریاض نے اس روز گیندبازی بھی کی، اور 9 اوورز تک پھینکے لیکن وہ بارہا تکلیف میں دکھائی دیے۔ بعد ازاں ایکس رے جانچ سے معلوم ہوا کہ ان کے ہاتھ کی ایک ہڈی میں معمولی سا فریکچر ہوا ہے جس کی وجہ سے وہ ایک مہینے تک کرکٹ نہیں کھیل پائیں گے۔ وہاب ریاض کولمبو ٹیسٹ کے بعد وطن واپس روانہ ہوجائیں گے۔ دوسری جانب حارث سہیل بھی زخمی ہوئے ہیں اور پاکستان ان دونوں کھلاڑیوں کی جگہ راحت علی اور بابر اعظم کو بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے۔
وہاب ریاض نے گال میں پاکستان کی تاریخی فتح میں 5 وکٹوں کے ذریعے اپنا کردار ادا کیا تھا۔ اب پاکستان کرکٹ ٹیم کی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ہوسکتا ہے کہ وہاب ریاض ایک روزہ سیریز سے قبل صحت یاب ہوجائیں، لیکن فی الحال تو ان کے ٹیسٹ کھیلنے کا امکان صفر ہے۔
پاکستان جنید خان کے آؤٹ آف فارم ہونے اور محمد حفیظ کے باؤلنگ ایکشن پر ایک مرتبہ پھر شکوک و شبہات پیدا ہونے کے بعد ویسے ہی مشکلات سے دوچار تھا اور اب وہاب ریاض کی عدم موجودگی تمام تر بوجھ یاسر شاہ اور ذوالفقار بابر پر ڈال دے گی۔ دیکھتے ہیں، وہ اس ذمہ داری کو پورا کرپاتے ہیں یا نہیں۔