شاہد آفریدی نے دورۂ آئرلینڈ سے معذرت کرلی: پاکستان کرکٹ بورڈ
شاہد خان آفریدی نے آئرلینڈ کے خلاف دو ایک روزہ میچز کی سیریز میں شرکت سے معذرت کر لی ہے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کے مطابق وہ اپنے علیل والد کی عیادت کے لیے اس وقت امریکہ میں موجود ہیں اور اسی وجہ سے آئرلینڈ کے دورے میں نہیں کھیل سکیں گے۔
بظاہر تو والد کی طبیعت کو دورے میں شرکت نہ کرنے کی وجہ بتایا گیا ہے لیکن حقیقت یہ ہے کہ شاہد آفریدی ٹیم انتظامیہ اور بورڈ کے رویے سے انتہائی ناخوش ہیں۔
گزشتہ سال اسپاٹ فکسنگ تنازع کی زد میں آنے کے بعد شاہد آفریدی نے ہی بکھری ہوئی ٹیم کو یکجا کیا اور انگلستان، جنوبی افریقہ اور نیوزی لینڈ کے خلاف ایک روزہ میچز کی سیریز میں غیر متوقع کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کے بعد عالمی کپ میں ٹیم کو سیمی فائنل تک لائے جبکہ حال ہی میں ویسٹ انڈیز کو اس کی سرزمین پر بھی شکست دی. تاہم کیریبین سرزمین پر ٹیم سلیکشن کے معاملے پر کوچ وقار یونس سے تنازع ان کو مہنگا پڑ گیا۔ جس کے فورا بعد بورڈ نے انہیں دورۂ آئرلینڈ کے لیے قیادت سے ہٹا دیا اور ان کی جگہ ٹیسٹ کپتان مصباح الحق کو قائدانہ کردار دیا گیا۔ بورڈ کے فیصلے میں سب سے عاقبت نااندیشانہ بات آفریدی کو قیادت سے ہٹائے جانے کے باوجود انہیں ٹیم میں بطور کھلاڑی شامل کرنا تھا۔
یوں شاہد آفریدی جو آخری سیریز میں بطور کپتان کھیل رہے تھے کو آئرلینڈ میں اپنے نائب کپتان کی قیادت میں کھیلنا پڑتا، شاید یہی وجہ ہے کہ شاہد آفریدی نے آئرلینڈ کے خلاف سیریز نہ کھیلنے کا فیصلہ کیا ہے۔
شاہد آفریدی کو گزشتہ سال جون میں ایشیا کپ سے قبل ایک روزہ ٹیم کی قیادت سونپی گئی تھی لیکن اس تمام عرصے میں وہ چند انضباطی معاملات کے باعث بورڈ کی نظروں میں کھٹکتے رہے۔ سب سے پہلے انہوں نے آسٹریلیا کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے پہلے ٹیسٹ میں شکست کے بعد ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا اور ٹیم کو منجدھار میں چھوڑ کر وطن واپس چلے آئے جس کے بعد بورڈ کو ہنگامی طور پر سلمان بٹ کو کپتان بنانا پڑا جو بعد ازاں اسپاٹ فکسنگ تنازع کا شکار ہوئے۔
اس کے بعد انگلستان اور جنوبی افریقہ کے خلاف شکستوں کے بعد انہیں دورۂ نیوزی لینڈ میں آخری موقع ملا کہ وہ ٹیم کو فتح سے ہمکنار کریں بصورت دیگر بورڈ عالمی کپ 2011ء کے لیے مصباح الحق کو کپتان بنا دیتا لیکن سابقین اور ماہرین کرکٹ کے رحجان اور عوامی دباؤ کو دیکھتے ہوئے بورڈ نے عالمی کپ کے لیے انہی کو کپتان مقرر کیا۔ پھر دورۂ ویسٹ انڈیز کے ایک روزہ مرحلے سے واپس آنے پر ٹیم انتظامیہ کے حوالے سے جاری کردہ بیان کو بورڈ نے آڑے ہاتھوں لیا جس میں شاہد آفریدی نے کوچ کی جانب اشارہ کیے بغیر کہا تھا کہ 'ہر کسی کو اپنا کام کرنا چاہیے، اور دوسرے کے کام میں مداخلت نہیں کرنی چاہیے۔'
پاکستان کرکٹ بورڈ کے ترجمان ندیم سرور نے بدھ کو کہا کہ شاہد نے بورڈ کو مطلع کیا ہے کہ اپنے والد کی طبیعت ناساز ہونے کے باعث انہیں امریکہ میں اپنا قیام طویل کرنا پڑ رہا ہے اس لینے وہ آئرلینڈ میں دستے میں شمولیت اختیار نہیں کر پائیں گے۔ بورڈ نے آفریدی کے متبادل کے طور پر کسی دوسرے کھلاڑی کو نہ بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے۔
پاکستانی ٹیم آج یعنی بدھ کو آئرلینڈ پہنچے گی جہاں وہ 28 اور 30 مئی کو بیلفاسٹ میں مہمان ٹیم کے خلاف دو ایک روزہ بین الاقوامی میچز کھیلے گی۔