شکست خوردہ اسٹیون اسمتھ دوبارہ نمبر ایک بن گئے

0 1,030

گو کہ ایشیز میں آسٹریلیا کی بدترین شکست سے اسے رسوا ضرور کیا ہے لیکن نئے نویلے کپتان اسٹیون اسمتھ نے ٹیسٹ بلے بازوں کی عالمی درجہ بندی میں ایک مرتبہ پھر سرفہرست مقام حاصل کرلیا ہے۔

ایشیز کے خاتمے کے بعد جاری ہونے والے تازہ ترین انفرادی درجہ بندی کے مطابق اوول ٹیسٹ میں 143 رنز کی شاندار باری کھیلنے والے اسمتھ انگلستان کے جو روٹ اور جنوبی افریقہ کے اے بی ڈی ولیئرز کو ایک مرتبہ پھر پیچھے چھوڑتے ہوئے نمبر ایک بلے باز بن چکے ہیں۔ ڈی ولیئرز دوسری جبکہ جو روٹ تیسری پوزیشن پر براجمان ہیں۔ پاکستان کی شان یعنی یونس خان ایک درجہ تنزلی پانے کے بعد چھٹے درجے پر پہنچ گئے ہیں جبکہ کپتان مصباح الحق 14 ویں، ایک روزہ کپتان اظہر علی 17 ویں اور نائب کپتان سرفراز احمد 18 ویں نمبر پر ہیں۔

دوسری جانب مسلسل ناقص کارکردگی نے بھارت کے کپتان ویراٹ کوہلی کو سرفہرست 10 بلے بازوں کی فہرست سے باہر کردیا ہے اور یوں اب بھارت کا کوئی بلے باز ٹاپ 10 میں موجود نہیں ہے۔ سری لنکا کے عظیم بلے باز کمار سنگاکارا نے اپنے کیریئر کے اختتام درجہ بندی میں ساتویں پوزیشن کے ساتھ کیا جبکہ آسٹریلیا کو خیرباد کہنے والے اوپنر کرس راجرز دسویں جبکہ کپتان مائیکل کلارک 25 ویں درجے پر ہیں۔

گیندبازوں کی درجہ بندی میں جنوبی افریقہ کے ڈیل اسٹین کی سرفہرست پوزیشن برقرار ہے جبکہ اسٹورٹ براڈ دوسرے اور نیوزی لینڈ کے ٹرینٹ بولٹ تیسرے نمبر پر ہیں۔ سری لنکا کے خلاف گزشتہ سیریز میں اپنی جادوئی باؤلنگ کے ذریعے پاکستان کو کامیابی دلانے والے یاسر شاہ نے دو درجے ترقی پا کر چوتھا نمبر حاصل کرلیا ہے۔