’زخمی‘ اسٹارک کو کھلانے کا ارادہ

0 1,145

آسٹریلوی کرکٹ بورڈ کرکٹ آسٹریلیا (سی اے) نے کہا ہے کہ وہ ٹیم کے بہترین تیز گیندباز مچل اسٹارک کو ٹخنے کی چوٹ کے باوجود کھلاتا رہے گا اور اُسے یہ امید ہے کہ مچل اسٹارک بھارت میں اگلے سال ہونے والے ٹی ٹوئنٹی عالمی کپ تک گیندبازی حملے کی کمان سنبھالتے رہیں گے۔

اسٹارک نے اس سال زبردست فٹنس کا مظاہرہ کرتے ہوئے آسٹریلیا کی جانب سے سبھی فارمیٹوں میں کھیلے گئے 27 مقابلوں میں سے 26 مقابلوں میں حصہ لیا ہے۔ پچھلے کچھ عرصے سے وہ دائیں پیر کے ٹخنے میں ہڈی بڑھنے کے باعث پریشان چل رہے ہیں۔ اس چوٹ کے لیے سرجری کرنا ضروری ہوتی ہے، لیکن اس کی وجہ سے گیندباز کو تین سے پانچ مہینوں تک کرکٹ میدان سے دور رہنا پڑتا ہے۔

آسٹریلوی ٹیم کو اکتوبر سے فروری کے درمیان 10 ٹیسٹ مقابلے کھیلنے ہیں۔ اس کے بعد مارچ اور اپریل میں ٹی ٹوئنٹی عالمی کپ منعقد ہو گا۔ کرکٹ آسٹریلیا کو امید ہے کہ مچل اسٹارک اپنے ٹخنے کے درد کو اگلے وقفے تک سہہ لیں گے۔ قومی سلیکٹر روڈنی مارش کہتے ہیں، "اب ہمیں کچھ اہم سیریزوں اور ٹی ٹوئنٹی عالمی کپ میں حصہ لینا ہے۔ ہم چاہتے ہیں کہ اس دوران اسٹارک ٹیم کے گیندبازی حملے کی قیادت کریں۔ لیکن اگر وہ ایسا نہیں کر پاتے تو کوئی بات نہیں، تاہم ہم چاہتے ہیں کہ وہ جب تک کھیل سکیں، کھیلنا جاری رکھیں۔"

اسٹارک کو اس مہینے اپنے گھر پر دس دن گذارنے کا موقع ملے گا۔ اس کے بعد آسٹریلوی ٹیم کو بنگلادیش کے دور پر روانہ ہونا ہے۔ ٹیم کے چیف کوچ ڈیرن لیمین نے کہا ہے کہ گھر واپسی کے بعد اسٹارک کے ٹخنے کا معائنہ کیا جائے گا۔

غور طلب ہے کہ حال ہی میں ختم ہونے والی ایشیز سیریز میں بھی اسٹارک کو درد ختم کرنے والے انجکشنوں کا سہارا لینا پڑا تھا، اور اسی ٹخنے کے درد کی وجہ سے وہ چوتھا ایک روزہ مقابلہ نہیں کھیل پائے تھے۔