فیصلہ کن معرکہ، پاکستان نے میدان مار لیا
فیصلہ کن مقابلے میں پاکستان نے زمبابوے کو سات وکٹوں سے ہرا کر تین ایک روزہ مقابلوں کی سیریز دو-ایک سے جیت لی ہے۔ بلال آصف کی شاندار گیندبازی کی بدولت پاکستان نے پہلے زمبابوے کو 161 رنز پر ڈھیر کیا اور پھر محض تین وکٹوں کے نقصان پر باآسانی ہدف حاصل کر لیا۔
ایک آسان ہدف کے پیچھے پاکستان نے آغاز اعتماد کے ساتھ کیا اور پہلی وکٹ کے لیے احمد شہزاد اور بلال آصف نے 58 رنز کی شراکت داری دی۔ بلال آصف نے اچھی گیندبازی تو کی ہی تھی، بلے بازی میں بھی انہوں نے عمدہ کھیل پیش کیا اور چھ چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 44 گیندوں پر 38 رنز بنائے۔ ساتھی اوپنر احمد شہزاد نے بھی آؤٹ ہونے سے پہلے 32 رنز بنائے۔ نیز، اسد شفیق اور شعیب ملک بالترتیب 38 اور 34 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ شعیب ملک کی اننگز میں ایک چھکا اور پانچ چوکے شامل رہے۔ پاکستان مقررہ ہدف 34 اووروں میں حاصل کیا اور یوں ایک مایوس کن شکست کے بعد میچ جیت کر سیریز حاصل کر ہی لی۔
قبل ازیں، پاکستان کی دعوت پر جب زمبابوے نے بیٹنگ سنبھالی تو آغاز بہت ہی عمدہ تھا۔ ابتدائی 20 اوورز تک پاکستانی باؤلرز کوئی وکٹ حاصل کرنے میں ناکام رہے یہاں تک کہ 21 ویں اوور میں بلال آصف نے چامو چی بھابھا کو آؤٹ کرکے پاکستان کو پہلی کامیابی دلائی۔ چی بھابھا نے 76 گیندوں پر 48 رنز بنائے تھے۔ ان کی وکٹ گرتے ہی گویا زمبابوے مقابلے کی دوڑ سے باہر ہوگیا۔ اس کے آنے والے 9 کھلاڑی صرف 72 رنز کا اضافہ کرسکے جن میں رچمنڈ موتمبامی 67 رنز کے ساتھ سب سے نمایاں رہے۔ ان دونوں اوپنرز کے علاوہ صرف لیوک جونگوے ہی دہرے ہندسے میں پہنچ سکے جنہوں نے 16 رنز بنائے۔
زمبابوے کی اس تباہی میں بنیادی کردار بلال آصف نے ادا کیا۔ جنہوں نے زمبابوے کے ٹاپ اور مڈل آرڈر کو کچل کر رکھ دیا۔ چی بھابھا کے بعد انہوں نے شاں ولیمز، کپتان ایلٹن چگمبورا، سکندر رضا اور ٹینوٹینڈا موتومبوڈزی کی اہم وکٹیں حاصل کیں اور یوں اپنے دوسرے ہی ایک روزہ مقابلے میں پانچ وکٹوں کی شاندار کارکردگی دکھائی۔ انہوں نے 10 اوورز میں صرف 25 رنز دے کر ان پانچ بلے بازوں کو ٹھکانے لگایا۔ دوسرے نوجوان باؤلر عماد وسیم نے تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ ایک، ایک وکٹ محمد عرفان اور شعیب ملک کو ملی۔
مقابلے کے اختتام پر بہترین آل راؤنڈ کارکردگی دکھانے والے بلال آصف کو میچ جبکہ شعیب ملک کو سیریز کے بہترین کھلاڑی کے اعزازات سے نوازا گیا۔
پاکستان نے زمبابوے کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز باآسانی جیتی تھی اور ایک روزہ سیریز کا آغاز بھی کامیابی سے کیا لیکن دوسرے ایک روزہ میں روشنی کی کمی اور امپائر کے اس وقت مقابلے کے خاتمے کا اعلان کرنے سے شکست ہوئی جب صرف 2 اوورز کا کھیل باقی تھا اور شعیب ملک پاکستان کو کامیابی کی طرف لے جا رہے تھے۔ بہرحال، اب بلند حوصلوں کے ساتھ پاکستان کا دستہ متحدہ عرب امارات روانہ ہوگا جہاں اس کو انگلینڈ کا سامنا کرنا ہے۔