بھارتی شیر گھر میں بھی ڈھیر

4 1,046

پہلے ٹی ٹوئنٹی میں جنوبی افریقہ کے ہاتھوں شکست کے بعد خیال تھا کہ تین ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز کے دوسرے اور اہم میچ میں بھارتی ٹیم نئے جوش اور نئے ولولے کے ساتھ میدان میں اُترے گی مگر دوسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں صورتحال یکسر مختلف نظر آئی اور جنوبی افریقہ کی شاندار گیند بازی کی بدولت بھارت کو 6 وکٹوں سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

بھارت نے ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کا فیصلہ کیا مگر یہ فیصلہ غلط ثابت ہوا اور پوری بھارتی ٹیم اٹھارویں اوور میں صرف 92 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔

روہت شرما اور سریش رائنا کے علاوہ کوئی اور بلے باز نہیں تھا جس نے ٹیم کی پوزیشن کو مضبوط بنانے کے لیے اپنا کردار ادا کیا ہو، اِن دونوں بلے بازوں نے 22, 22 رنز بنائے۔

جنوبی افریقہ کی جانب سے سب سے کامیاب گیند باز ایلبی مارکل رہے جنہوں نے 3 بھارت بلے بازوں کو پویلین کی راہ ڈکھائی۔ جبکہ کرس مورس اور عمران طاہر نے دو، دو کھلاڑیوں کی وکٹیں حاصل کیں۔

اِس آسان ہدف کے تعاقب کے لیے جب جنوبی افریقی بلے باز میدان میں اُترے اور بتدریج فتح کی جانب اپنے سفر کو جاری رکھا تو تماشائی اپنے ضبط پر قابو نہ رکھ سکے اور اپنی ٹیم کو شکست کی راہ پر جانے سے روکنے کے لیے اوچھے ہتھکنڈوں پر اُتر آئے اور گراونڈ پر خالی بوتلیں اور کچرا پھینکتے رہے یہاں تک کہ میچ کو دو بار روکنا پڑا، مگر چونکہ شکست بھارتی قسمت میں لکھ دی گئی تھی اور ایسا ہی ہوا کہ جنوبی افریقی بلے بازوں نے اپنے ضبط پر قابو رکھا اور ٹیم کو سیریز میں 2-0 سے فیصلہ کن برتری دلانے میں کامیاب ہوگئے۔

واضح رہے کہ جنوبی افریقہ نے جمعہ کو دھرم شالا کے میدان میں کھیلے گئے پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ میں بھی 7 وکٹوں سے شکست دی تھی۔

دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کا آخری مقابلہ جمعرات کو کولکتہ کے میدان میں کھیلا جائے گا۔