پاکستان سپر لیگ کو چار چاند لگ گئے

0 1,034

سری لنکا کے سابق کپتان اور حال ہی میں بین الاقوامی کرکٹ کو خیرباد کہنے والے عظیم بلے باز کمار سنگاکارا نے پاکستان سپر لیگ میں شمولیت پر رضامندی ظاہر کردی ہے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کی ایگزیکٹو کمیٹی اور پاکستان سپر لیگ کی گورننگ کونسل کے سربراہ نجم سیٹھی نے اعلان کرتے ہوئے کہا کہ وہ سنگاکارا کو خوش آمدید کہتے ہیں اور ان کی شمولیت سے پی ایس ایل کو چار چاند لگ جائیں گے۔ "سنگاکارا کے وسیع تجربے سے نہ صرف لیگ کو، بلکہ اس میں شریک نوجوان کھلاڑیوں کو بھی بہت فائدہ پہنچے گا۔" انہوں نے کہا۔

اطلاعات کے مطابق اب تک 150 غیر ملکی کھلاڑی پاکستان سپر لیگ کے پہلے ایڈیشن میں شرکت پر رضامندی ظاہر کر چکے ہیں۔ ان میں ویسٹ انڈیز کے کرس گیل، کیرون پولارڈ، سری لنکا کے تلکارتنے دلشان، انگلستان کے ٹم بریسنن اور نیوزی لینڈ کے گرانٹ ایلیٹ بھی شامل ہیں۔

بین الاقوامی کرکٹ میں 28 ہزار سے زیادہ رنز بنانے والے سنگاکارا جاتے جاتے بھی اپنی بہترین فارم میں تھی۔ عالمی کپ میں سنگاکارا نے صرف 7 مقابلوں میں 541رنز بنائے تھے جس میں مسلسل چار میچز میں سنچریوں کا عالمی ریکارڈ بھی شامل تھا۔

594 بین الاقوامی مقابلوں میں ملک کی نمائندگی کے ساتھ ساتھ انہوں نے تینوں طرز کی کرکٹ میں قیادت کے فرائض بھی انجام دیے اور 2009ء کے ورلڈ ٹی ٹوئنٹی اور 2011ءکے ورلڈ کپ میں ٹیم کی قیادت انہی کے کاندھوں پر تھی۔ بدقسمتی کہ دونوں مرتبہ سری لنکا فائنل تک پہنچا لیکن شکست کھائی۔

پاکستان سپر لیگ اگلے سال 4 فروری سے متحدہ عرب امارات کے میدانوں پر شروع ہوگی، جس میں وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے علاوہ چاروں صوبائی صدر مقامات کراچی، لاہور، کوئٹہ اور پشاور کی ٹیمیں حصہ لیں گی۔