یونس خان اور ثنا میر سے ملنا چاہتے ہیں؟ آئیے اسکول آف ٹومارو فیسٹیول میں

0 1,039

پاکستان کے لیے سب سے زیادہ ٹیسٹ رنز بنانے والے یونس خان اور پاکستان کی خواتین کرکٹ ٹیم کی کپتان ثنا میر اسکول آف ٹومارو فیسٹیول (ایس او ٹی) 2015ء میں شریک ہوں گی، جہاں وہ بتائیں گے کہ کھیل کے بطور کیریئر اپنانے کے موضوع پر اظہار خیال کریں گے۔ یہ ایک ایسا موضوع ہے جس پر پاکستان میں بہت کم بات کی جاتی ہے کیونکہ پاکستان میں معاشی عدم استحکام اور کھلاڑیوں کی زندگی کی مشکلات کی وجہ سے یہاں اس کا جواب کہیں زیادہ مشکل ہے۔ کھیل شروع کرنے پر تو اب حوصلہ افزائی کی جاتی ہے لیکن اسے برقرار کیسے رکھا جائے۔ اس سوال کا بہترین جواب ان کھلاڑیوں کے علاوہ کون دے سکتا ہے جو بین الاقوامی سطح پر کھیل سے وابستہ ہیں۔

کراچی میں اسکول آف ٹومارو 2015ء کے نام سے ایک دو روزہ تعلیمی و ثقافتی میلہ منعقد ہو رہا ہے جو اپنی طرز کا اولین اور سب سے بڑا پروگرام ہے۔ اس کا مقصد علاقائی سیاست و عالمی سیکورٹی، ذرائع ابلاغ اور ڈیجیٹل ٹیکنالوجی، فن و ثقافت اور ماحول و معاشرے جیسی بیرونی طاقتوں اکیسویں صدی کے اسکول پر پڑنے والے اثرات سمجھنا اور مستقبل کے لیے نئی سمت متعین کرنے کے لیے تجاویز دینا ہے۔

آج جدید دور میں کھیل زندگی کا ایک اہم پہلو ہیں اور ماضی کے مقابلے میں آج ایک پروفیشنل کھلاڑی ہونا برا نہیں سمجھا جاتا۔ اسی لیے ایس او ٹی کھیل کو بطور کیریئر اپنانے پر ایک خصوصی پینل ڈسکشن کرے گا۔ اس میں یونس خان اور ثنا میر کرکٹ کے زاویہ نظر سے اس موضوع پر گفتگو کریں گے۔ سیشن کو معروف صحافی رشاد محمود ماڈریٹ کریں گے اور پاکستان کے ٹینس اسٹار اعصام الحق اور خواتین فٹ بال ٹیم کی کپتان ہاجرہ خان بھی پینل کا حصہ ہوں گی۔ سیشن میں ان تمام اہم کھلاڑیوں سے فرداً فرداً بات ہوگی جس میں وہ بتائیں گے کہ انہوں نے کس طرح کھیل کے لیے اپنے جذبے کو کیریئر میں تبدیل کیا۔

اسکول آف ٹومارو اس اختتام ہفتہ پر یعنی 28 و 29 نومبر کو کراچی کے بیچ لگژری ہوٹل میں منعقد ہوگا۔ اس کی رجسٹریشن اور پروگرام شیڈول کے بارے میں تفصیلات یہاں دیکھی جا سکتی ہیں۔