دوسرے ٹیسٹ کے لیے انگلش دستے کا اعلان، اینڈرسن کی جگہ ڈرنباخ کی شمولیت

0 1,071

انگلستان نے سری لنکا کے خلاف دوسرے ٹیسٹ کے لیے 12 رکنی دستے کا اعلان کر دیا ہے۔ جس میں زخمی گيند باز جیمز اینڈرسن کی جگہ سرے سے تعلق رکھنے والے جیڈ ڈرنباخ کو طلب کیا گیا ہے۔

جیڈ ڈرنباخ نے سری لنکا کے خلاف ٹور میچ میں 9 وکٹیں حاصل کی تھیں

این پاور ٹیسٹ سیریز کا دوسرا ٹیسٹ 3 جون بروز جمعہ سے لارڈز کے تاریخی میدان میں شروع ہوگا۔

جیمز اینڈرسن کارڈف میں کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ کے دوران ران کے پٹھوں میں کھنچاؤ کا شکار ہو گئے تھے اور اب اگلا ٹیسٹ نہیں کھیل پائیں گے۔

انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ کی جانب سے کرک نامہ کے موصول ہونے والے اعلامیہ کے مطابق ٹیم میں واحد تبدیلی جیمز اینڈرسن کی جگہ کی گئی ہے باقی دستہ وہی ہے جس نے کارڈف میں یادگار فتح حاصل کی۔

ڈرنباخ اب تک بین الاقوامی سطح پر انگلستان کی نمائندگی نہیں کر پائے تاہم انہیں عالمی کپ 2011ء کے کوارٹر فائنل کے لیے طلب کیا گیا تھا لیکن حتمی گیارہ کھلاڑیوں میں شامل نہیں کیا گیا۔ انہوں نے حال ہی میں سری لنکا کے خلاف انگلینڈ لائنز کی قیادت کرتے ہوئے 9 وکٹیں حاصل کی تھیں اور اسی کارکردگی کی بنیاد پر اینڈرسن کی جگہ ان کا انتخاب عمل میں آیا ہے۔

انگلستان کے قومی سلیکٹر جیف ملر نے کہا کہ جمی اینڈرسن کی عدم موجودگی مایوس کن ضرور ہے کیونکہ وہ عالمی معیار کے گیند باز ہیں اور انگلستان کے باؤلنگ اٹیک کے قائد ہیں لیکن ہم خوش قسمت ہیں کہ اس وقت ہمیں تیز گیند بازی میں اور بھی اچھے متبادل میسر ہیں۔ ہمیں امید ہے کہ جمی تیسرے ٹیسٹ کے لیے دستیاب ہوں گے اور اس لیے ہم ڈرنباخ کی شمولیت پر خوش ہیں۔

واضح رہے کہ انگلستان کو اس وقت سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل ہے جس نے کارڈف میں پہلے ٹیسٹ میں حیران کن طور پر ایک اننگ اور 14 رنز سے فتح حاصل کی۔

دوسرے ٹیسٹ کے لیے اعلان کردہ انگلش دستہ ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہوگا:

اینڈریو اسٹراس (کپتان)، اسٹورٹ براڈ، اسٹیون فن، ایلسٹر کک، این بیل، ایون مورگن، جوناتھن ٹراٹ، جیڈ ڈرنباخ، کرس ٹریملٹ، کیون پیٹرسن، گریم سوان اور میٹ پرائیر۔