جنوبی افریقہ کی دنیائے کرکٹ میں واپسی کے 25 سال کا جشن
دنیائے کرکٹ میں ایک عظیم قوت کی واپسی کو 25 سال مکمل ہونے والے ہیں۔ جنوبی افریقہ، جو اپنی نسل پرست حکومت کی وجہ سے دو دہائی سے زیادہ عرصے تک عالمی کرکٹ سے باہر رہا، جون 1991ء میں یونائیٹڈ کرکٹ بورڈ آف ساؤتھ افریقہ کی تشکیل کے ساتھ بین الاقوامی برادری میں واپس آیا۔ یہ جوہانس برگ کے وینڈررز کلب میں ہونے والا اجلاس تھا جس کے ذریعے واپسی کی راہ ہموار ہوئی اور اگلے ہی ماہ جنوبی افریقہ بین الاقوامی کرکٹ کونسل کا حصہ بن گیا۔
ربع صدی مکمل ہونے کے بعد اب جنوبی افریقہ اس موقع کے تاریخی جشن کی تیاریاں کر رہا ہے۔ بورڈ کے صدر کرکٹ ننزانی کہتے ہیں کہ یہ اہم سنگ میل ہے اور اس کا جشن بھرپور ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ وہ اس موقع پر ان افراد کو خراج تحسین پیش کرنا چاہیں گے جنہوں نے کرکٹ میں اتنے پرامن و تعمیری انداز میں اتحاد کی راہ ہموار کی۔
دوسری جانب بورڈ کے چیف ایگزیکٹو ہارون لورگاٹ نے کہا کہ یہ 25 سال واقعی جشن منائے جانے کے قابل ہیں۔ میدانِ عمل میں کارکردگی توقعات کے مطابق رہی اور دنیا کے چند عظیم ترین کھلاڑیوں پر بھی ہمیں فخر ہے جو جنوبی افریقہ سے نکلے۔
کرکٹ ساؤتھ افریقہ ان 25 سالوں میں شاندار کامیابیاں حاصل کرنے اور ریکارڈ قائم کرنے والے کھلاڑیوں کو اعزازات سے نوازنے کا ارادہ بھی رکھتا ہے۔