فلیمنگ اور ویٹوری کے لیے اعلیٰ ترین قومی اعزاز کا اعلان
نیوزی لینڈ کے سابق قائدین اسٹیفن فلیمنگ اور ڈینیل ویٹوری کو ملک کا اعلیٰ ترین شہری اعزاز 'نیوزی لینڈ آرڈر آف میرٹ' دینے کا اعلان کیا گیا۔
پیر کو ملکہ برطانیہ ایلزبتھ دوئم کی سالگرہ کے موقع ظاہر کی گئی فہرست میں ان دونوں کھلاڑیوں کے نام بھی شامل ہیں۔ نیوزی لینڈ کی تاریخ کے کامیاب ترین کپتانوں میں شمار ہونے والے اسٹیفن فلیمنگ اس وقت مسلسل دو مرتبہ بھارتی پریمیئر لیگ جیتنے والی چنئی سپر کنگز کے کوچ ہیں۔ وہ نیوزی لینڈ کی تاریخ کے کم عمر ترین کپتان تھے جنہوں نے 23 سال کی عمر میں قیادت سنبھالی تھی اور 80 ٹیسٹ اور 218 ایک روزہ بین الاقوامی میچز میں اپنے ملک کی نمائندگی کی۔ وہ اتنے زیادہ ٹیسٹ اور ایک روزہ میچ کھیلنے والے نیوزی لینڈ کے واحد کھلاڑی ہیں۔ انہوں نے 2008ء میں ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا تھا۔
دوسری جانب ڈینیل ویٹوری، جو اس وقت رائل چیلنجرز بنگلور کی قیادت کر رہے ہیں، عالمی کپ 2011ء میں اپنی ٹیم کو سیمی فائنل تک لے کر گئے جہاں انہیں سری لنکا کے ہاتھوں شکست کا منہ دیکھنا پڑا۔ 32 سالہ ویٹوری نے 18 سال کی عمر میں اپنے ٹیسٹ کیریئر کا آغاز کیا تھا اور 2007ء میں فلیمنگ کی جگہ بلیک کیپس کی قیادت سنبھالی تھی۔