کوئٹہ ہوشیار خبردار، اسلام آباد اب کسی خطرے سے کم نہیں

0 1,079

آج پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) میں دوسرا مقابلہ مضبوط کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے درمیان ہوگا، جو لیگ کے افتتاحی مقابلے میں باہم کھیل چکی ہیں اور کامیابی کوئٹہ کے نام رہی تھی۔ لیکن ابتدائی شکستوں کے بعد اب اسلام آباد فارم میں واپس آ چکا ہے۔ جبکہ گزشتہ مقابلے میں لاہور قلندرز کے ہاتھوں شکست کے بعد یقیناً کوئٹہ نے بھی کمر کس لی ہوگی۔ وہ اب بھی پوائنٹس ٹیبل پر نمبر ایک ہے اور یہی وجہ ہے کہ اسے زیادہ اہمیت دی جا رہی ہے۔ اس کی وجہ صرف ماضی کی کارکردگی نہیں بلکہ نیوزی لینڈ کے جارح مزاج آل راؤنڈر گرانٹ ایلیٹ کی آمد بھی ہے۔

کوئٹہ پر اعتماد ہے، ہو سکتا ہے حد سے زيادہ ہو لیکن اسے اسلام آباد کی حالیہ کارکردگی ضرور دیکھنی چاہیے۔ ابتدائی دونوں مقابلوں میں شکست کے بعد اسلام آباد یونائیٹڈ نے کراچی کنگز کو شکست دی اور گزشتہ روز تو لاہور قلندرز کو روند ہی ڈالا۔ 167 رنز کے ہدف کو چار اوورز قبل صرف دو وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلینا بڑا کارنامہ ہے۔ دونوں اوپنرز شین واٹسن اور شرجیل خان نے 79، 79 رنز بنا کر سب کو چوکنّا کردیا ہے۔ پھر آج اسلام آباد کو کوئٹہ پر ایک اور برتری بھی حاصل ہوگی، وہ یہ کہ گزشتہ روز وہ شارجہ میں کھیل چکے ہیں، انہیں وکٹ اور حالات کا زیادہ بہتر اندازہ ہے جبکہ کوئٹہ کے لیے شارجہ کی وکٹ نیا تجربہ ہوگی۔

Quetta-vs-Islamabad

اب دیکھتے ہیں کہ اسلام آباد شارجہ میں ایک مرتبہ پھر میدان مارے گا یہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز ایک مرتبہ پھر کامیابی کی راہ پر گامزن ہوگا۔

اہم مقابلے کے لیے اسلام آباد یونائیٹڈ کا دستہ ان کھلاڑیوں میں سے منتخب ہوگا:

مصباح الحق (کپتان)، شین واٹسن (نائب کپتان)، اشعر زیدی، آندرے رسل، بابر اعظم، بریڈ ہیڈن، حسین طلعت، خالد لطیف، رمان رئیس، سعید اجمل، سیم بلنگز، سیموئل بدری، شرجیل خان، عمر امین، عمر صدیق، عمران خالد، کامران غلام، محمد سمیع اور محمد عرفان۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز ان کھلاڑیوں میں سے 11 کو میدان میں اتاریں گے:

سرفراز احمد (کپتان)، احمد شہزاد، اسد شفیق، اعزاز چیمہ، اکبر الرحمان، انور علی، ایلٹن چگمبورا، بسم اللہ خان، بلال آصف، ذوالفقار بابر، رمیز راجہ (جونئیر)، سعد نسیم، عمر گل، کیون پیٹرسن، گرانٹ ایلیٹ، لیوک رائٹ، محمد نبی، محمد نواز۔