ممنوعہ ادویات کا معاملہ، تھارنگا دورۂ انگلستان سے باہر

عالمی کپ کے دوران ممنوعہ ادویات لینے کے معاملے پر زیر عتاب سری لنکا کے اوپنر اوپل تھارنگا دورۂ انگلستان کے محدود اوورز کے مرحلے سے باہر ہو گئے ہیں کیونکہ وہ اس معاملے میں صفائی پیش کرنے کے لیے انضباطی کمیٹی کے روبرو پیش ہوں گے۔

عالمی کپ 2011ء کے دوران نیوزی لینڈ کے خلاف سیمی فائنل کے بعد 26 سالہ تھارنگا کا کیا گیا ڈوپ ٹیسٹ مثبت ثابت ہوا تھا اور سری لنکا کرکٹ نے بدھ کو تصدیق کی ہے کہ مختصر مدت تک انہیں کسی بھی پیمانے کی کرکٹ کے لیے کسی ٹیم میں منتخب نہیں کیا جائے گا۔
سری لنکا کرکٹ کے جاری کردہ ایک بیان کے مطابق کیونکہ تھارنگا کے خلاف اس وقت کارروائی جاری ہے تاکہ وہ خود پر لگے الزام کو غلط ثابت کریں اس لیے تحقیق مکمل ہونے تک وہ خود کو سلیکشن کے لیے دستیاب قرار نہیں دے سکتے یہی وجہ ہے کہ وہ انگلستان کے خلاف ایک روزہ اور ٹی ٹوئنٹی مرحلے کے لیے منتخب نہیں کیے جائیں گے اور نہ ہی سری لنکا اے کے دورۂ انگلستان میں شامل ہوں گے۔
تھارنگا کی عدم موجودگی کے باعث امکان ہے کہ سری لنکا اپنے دونوں اوپنرز سے محروم رہے گا کیونکہ کپتان تلکارتنے دلشان لارڈز میں کھیلے گئے دوسرے ٹیسٹ کے دوران اپنے انگوٹھے میں فریکچر کا شکار ہو گئے ہیں اور ان کی سیریز کے مزید میچز میں شرکت بھی مشکوک ہے۔ البتہ دلشان ایک روزہ اور ٹی ٹوئنٹی مرحلے تک صحت یاب ہونے کے لیے پرامید ہیں۔
ان دونوں کی جوڑی نے حال ہی میں انگلستان کے خلاف عالمی کپ کے کوارٹر فائنل میں یادگار فتح میں اپنا کردار ادا کیا تھا۔ دونوں نے 231 رنز کی ناقابل شکست شراکت کے ذریعے سری لنکا کو سیمی فائنل تک پہنچایا تھا۔
سری لنکا میں یہ خبریں گردش کر رہی ہیں کہ تھارنگا کی عدم موجودگی 42 سالہ سنتھ جے سوریا کی حیران کن واپسی کا سبب بن سکتی ہے جنہوں نے اپنا آخری ایک روزہ میچ دسمبر 2009ء میں کھیلا تھا۔