وسیم اکرم میرے ہیرو ہیں: مچل اسٹارک

0 1,046

آسٹریلیا کے تیز گیندباز مچل اسٹارک نے انکشاف کیا ہے کہ وہ پاکستان کے سابق عظیم باؤلر وسیم اکرم کو اپنا اصل ہیرو سمجھتے ہیں، کیونکہ وہ اپنے فن کے ماہر تھے۔ اگر وہ وسیم اکرم کے آدھے باؤلر بھی بن گئے تو یہ ان کے لیے اعزاز ہوگا۔

سری لنکا کے دورے پر موجود اسٹارک نے ذرائع ابلاغ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وسیم اکرم نے بائیں ہاتھ سے باؤلنگ کرنے والوں کے لیے ایک معیار قائم کیا۔ روایتی سوئنگ، ریورس سوئنگ اور تیز باؤلنگ میں مہارت رکھنے والے وسیم اکرم اس مقام پر ہیں جہاں کوئی بھی گیندباز جانا چاہتا ہے۔

104 مقابلوں میں 414 وکٹیں لینے والے وسیم اکرم کے بارے میں مچل اسٹارک نے مزیدکہا کہ وسیم اکرم 1992ء کے عالمی کپ فائنل میں مرد میدان قرار پائے تھے۔ اتنی شاندار صلاحیتوں کے باوجود ان میں کوئی غرور نہیں ہے بلکہ وہ نئی نسل کو سکھانے اور مشورے دینے کے لیے ہر وقت تیار رہتے ہیں۔ مجھے کئی مواقع پر ان سے سیکھنے کا موقع ملا۔ وہ غیر معمولی صلاحیتوں اور کھلی طبیعت کے مالک ہیں۔ بائیں ہاتھ کے گیندبازوں کو ان سے ضرور مستفید ہونا چاہیے۔

اسٹارک نے 26 ٹیسٹ اور 51 ایک روزہ مقابلوں میں آسٹریلیا کی نمائندگی کی ہے اور وہ اس وقت قومی دستے کا اہم حصہ ہیں۔ ان کے متعلق کوچ اور سلیکٹر ڈیرن لیمن کہتے ہیں کہ اسٹارک میں وہ تمام ہنر موجود ہے جو انہیں 300 ٹیسٹ وکٹوں تک پہنچا سکتا ہے۔

wasim-akram