جمیکا ایک مرتبہ پھر کیریبیئن چیمپئن بن گیا

0 1,107

جمیکا ٹلاواز نے گیانا ایمیزن واریئرز کو کیربیئن پریمیئر لیگ (سی پی ایل) کے فائنل میں باآسانی 9 وکٹوں سے شکست دے کر دوسری بار یہ اعزاز اپنے نام کرلیا ہے۔ کامیابی میں مرکزی کردار گیندبازوں نے ادا کیا، خاص طور پر پاکستانی عماد وسیم نے جنہوں نے 21 رنز کے عوض تین کھلاڑی آؤٹ کیے اور یوں گیانا کو صرف 16 اوورز میں 93 رنز تک محدود کردیا۔

جواب میں کپتان کرس گیل کی 27 گیندوں پر 54 رنز کی جارحانہ اننگز نے مقابلے کو آسان ترین بنا دیا۔ چیڈوک والٹن نے 25 اور کمار سنگاکارا نے 12 رنز بنا کر ہدف کو جا لیا، وہ بھی پوری 43 گیندیں پہلے۔ یوں ایمیزن واریئرز تیسری بار فائنل میں پہنچنے کے باوجود ایک بار بھی کامیابی حاصل نہ کر سکے۔ اس کے آٹھ کھلاڑی تو دہرے ہندسے میں بھی نہیں پہنچے۔

ایمیزن واریئرز نے بلے بازی کا آغاز کرتے ہی پہلا نقصان نک میڈیسن کی صورت میں اٹھایا جو چار گیندوں پر کھاتہ کھولے بغیر پویلین لوٹ گئے۔ اس کے بعد تیسرے اوور میں شکیب الحسن نے کرس لن کو واپسی کا پروانہ تھما دیا۔ بعد ازاں سہیل تنویر اور ڈیوین اسمتھ نے بالترتیب 42 اور 17 رنز بنا کر اننگز کو کچھ سہارا دیا مگر یہ دیرپا ثابت نہ ہوا۔ وکٹیں گرنے کا سلسلہ ایک مرتبہ پھر شروع ہوگیا۔ شکیب اور عماد کے بچھائے ہوئے جال میں واریئرز مکمل طور پر پھنس چکے تھے۔ ان کی باقی 7 وکٹیں محض 8 اوورز میں 43 رنز پر گرگئیں۔ گیانا کی جانب سے سب سے زیادہ رنز سہیل تنویر نے ہی بنائے۔ باقی تمام کھلاڑی بری طرح ناکام رہے۔

ایک بڑے مقابلے میں واریئرز کا اعصابی طور پر جواب دے جانا گیل الیون کے لیے جیتنا مزید آسان کرگیا۔ صرف 94 رنز کے تعاقب کے لیے گیل نے خود کو مختصر طرز کا بہترین کھلاڑی ثابت کر دکھایا۔ ٹورنامنٹ میں ڈیوین براوو کے بعد سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے سہیل تنویر نے گیندبازی کا آغاز کیا، بہترین باؤلنگ بھی کروائی لیکن گیل نے انہیں وکٹ حاصل کرنے کا موقع نہیں دیا۔

گیل نے صرف 22 گیندوں پر نصف سنچری مکمل کی اور کچھ دیر بعد جمیکا کے آؤٹ ہونے والے واحد کھلاڑی بنے۔ باقی بلے بازوں کو ہدف حاصل کرنے میں زیادہ دشواری کا سامنا نہیں کرنا پڑا۔ یوں جمیکا ایک مرتبہ پھر سی پی ایل چیمپئن بن گیا۔

عماد وسیم کو فائنل کا بہترین کھلاڑی جبکہ آندرے رسل کو پلیئر آف دی ٹورنامنٹ قرار دیا گیا۔

یہ آندرے رسل کے کئی عالمی اعزاز میں ایک نیا اضافہ ہے۔ وہ حال ہی میں ورلڈ ٹی ٹوئنٹی، پاکستان سپر لیگ، بنگلہ دیش پریمیئر لیگ اور بگ بیش لیگ جیت چکے ہیں اور سی پی ایل ان کے سینے پر سجے تمغوں میں مزید اضافہ کرگئی ہے۔