میکس ویل کے 65 گیندوں پر 145 رنز، ریکارڈ سے دو قدم دور رہ گئے

0 1,111

سری لنکا کے خلاف پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ میں آسٹریلیا کے گلین میکس ویل نے 65 گیندوں پر 145 رنز کی طوفانی اننگز کھیل ڈالی ہے۔ میکس ویل کی اننگز میں 9 چھکے اور 14 چوکے شامل تھے۔ تاہم وہ بین الاقوامی ٹی20 کرکٹ میں سب سے زیادہ رنز بنانے کے ریکارڈ سے صرف 12 رنز کے فرق سے محروم رہے۔ ایک موقع پر ایسا لگ رہا تھا کہ وہ یہ ریکارڈ بآسانی توڑ دیں گے، لیکن انھیں مطلوبہ گیندیں کھیلنے کا موقع نہ مل سکا۔ میکس ویل کی اس اننگز کی بدولت آسٹریلیا نے تین وکٹوں کے نقصان پر 263 رنز کا بھاری مجموعہ اکٹھا کیا۔ اس مجموعے کے ساتھ آسٹریلیا نے بین الاقوامی ٹی20 کا ایک اور ریکارڈ اپنے نام کرلیا۔ اس سے پہلے ٹی20 اننگز میں سب سے زیادہ رنز بنانے کا ریکارڈ سری لنکا کا تھا، جس نے ستمبر 2007ء میں کینیا کے خلاف چھ وکٹوں کے نقصان پر 260 رنز بنائے تھے۔

واضح رہے کہ بین الاقوامی ٹی20 کرکٹ میں سب سے زیادہ رنز بنانے کا اعزاز آسٹریلیا ہی کے آرون فنچ کے پاس ہے۔ فنچ نے 29 اگست 2013ء کو انگلستان کے خلاف 63 گیندوں پر 156 رنز بنائے تھے۔ ان کی اننگز میں 14 چھکے اور 11 چوکے شامل تھے۔ ٹریوس ہیڈ نے میکس ویل کا خوب ساتھ دیا اور 18 گیندوں پر 45 رنز بنائے، تاہم میچ کی آخری گیند پر وہ آؤٹ ہوگئے۔