محمد عامر بھی دلہا بن گئے
کم عمری میں عالمی شہرت، اس کے بعد عالمی بدنامی، پھر واپسی کے کٹھن سفر کا آغاز یہاں تک کہ اسی میدان پر واپسی کہ جہاں بدنامی کا داغ لگا تھا۔ محمد عامر کی زندگی کی کہانی ایسی ہے جس پر کرکٹ کے موضوع پر تاریخ کی بہترین فلم بن سکتی ہے، کیونکہ اب اس میں ہیروئن بھی شامل ہوگئی ہے۔ محمد عامر نے دو سال قبل برطانیہ میں مقیم نرجس سے نکاح کیا تھا اور اب باقاعدہ رخصتی ہوگئی ہے۔ 24 سالہ محمد عامر کے لیے 2016ء بہت اچھا سال ثابت ہوا ہے اور بین الاقوامی کرکٹ میں واپسی کے بعد اب ذاتی زندگی کی اننگز بھی خوشگوار انداز میں شروع ہوگئی ہے۔
کسی کی ذاتی زندگی اور تقریبات ہرگز عوامی دلچسپی کا موضوع نہیں بننی چاہئیں لیکن قومی ہیرو کے متعلق پرستار ضرور تفصیل جاننا چاہتے ہیں تاکہ ان کی خوشیوں میں شامل ہوا جا سکے۔ محمد عامر کی شادی کی تقریبات تین مرحلوں پر مشتمل تھی۔ آغاز 19 ستمبر کو مہندی کی رسومات سے ہوا، پھر 20 ستمبر کی شب بارات آئی اور دلہن کی رخصتی ہوئی اور اب آج یعنی 21 ستمبر کو ولیمہ ہوگا۔ ان تقریبات سے قبل ایک نعتیہ محفل بھی منعقد ہوئی۔
نرجس کے متعلق بتایا جاتا ہے کہ وہ کرکٹ کی دیوانی ہیں اور پاکستان کے میچز اسٹیڈیم میں جاکر دیکھتی ہیں اور یہی کرکٹ دلچسپی بعد ازاں محمد عامر کے قریب لے آئی۔ محمد عامر کہتے ہیں کہ مجھے محسوس ہوا کہ یہی شادی کا بہترین وقت ہے، اب مزید انتظار کی ضرورت نہیں۔ ایک سوال پر عامر نے بتایا کہ میں اور نرجس ایک دوسرے کو پسند کرتے تھے لیکن شادی مکمل طور پر والدین کی رضامندی اور اجازت سے ہوئی ہے۔
ولیمے کے بعد دولہا دلہن دبئی روانہ ہو جائیں گے جہاں محمد عامر قومی ٹیم جوائن کریں گے کہ جو 23 ستمبر کو ویسٹ انڈیز کے خلاف پہلا ٹی ٹوئنٹی کھیلے گی۔