پی ایس ایل2 کا فائنل لاہور میں ہوگا

0 1,031

پاکستان سپر لیگ کے دوسرے سیزن کا پرجوش آغاز بذات خود ایک بڑی خبر ہے، مگر اس کے سٹیج سے ایک ایسی بات سننے کو ملی ہے، جو اپنی نہاد میں اور پاکستان کرکٹ پر اثر ڈالنے کے لحاظ سے بھی بہت زیادہ اہمیت کی حامل ہے، ایک ایسا اعلان جس کے پاکستانی عوام شدت سے منتظر تھے کہ " پی ایس ایل 2017ء کا فائنل لاہور میں کھیلا جائے گا"۔

چیئرمین پی ایس ایل نجم سیٹھی نے دبئی میں کھلاڑیوں کے انتخاب کا عمل شروع ہونے سے پہلے یہ انکلشاف کر کے سب کو حیران کر دیا ہے۔ ویسے یہ خبر اس لحاظ سے بالکل بھی انہونی نہیں کہ لیگ کے انعقاد کا ایک مقصد پاکستان کرکٹ اور میدانوں کو تنہائی سے نکالنا بھی تھا۔ 2009 میں سری لنکا کی ٹیم پر دہشت گرداوں کے حملے کے بعد سے بین الاقوامی کرکٹ نے پاکستان سے منہ موڑ رکھا ہے۔ پی ایس ایل کے فائنل سے امید پیدا ہو سکتی ہے کہ بین الاقوامی کرکٹ کی واپسی کا آغاز ہو جائے۔

پھر اعلان کا موقع و محل بھی ایسا ہے جو اس اعلان کی اہمیت کو دوچند کرتا ہے۔ یہ کسی کمرے میں بیٹھ کر کسی خواہش کا کیا گیا اظہار نہیں بلکہ کیون پیٹرسن، کرس گیل، ایون مورگن اور برینڈن میک کولم جیسے عظیم کھلاڑیوں سے سجی محفل میں ایسے مرحلے پر کیا گیا جب بین الاقوامی ذرائع ابلاغ بھی موجود تھا۔ یہی وجہ ہے کہ اس خبر کو سب سے نمایاں حیثیت ملی۔

نجم سیٹھی نے خوش خبری سناتے ہوئے کہا کہ اکثر بین الاقوامی کھلاڑیوں نے خوش دلی سے پاکستان میں کھیلنے پر رضامندی کا اظہار کیا وار جن کے خدشات ابھی باقی ہیں انہیں سکیورٹی کے حوالے سے مکمل طور پر مطمئن کیا جائے گا کیونکہ حکومت نے وی آئی پی سکیورٹی دینے کا وعدہ کیا ہے۔

اس موقع پر نجم سیٹھی نے پی ایس ایل کے تیسرے سیزن سے فرنچائزز میں اضافے کا بھی عندیہ دیا کہ تاحال پانچ فرنچائزز کام کر رہی ہیں مگر یہ تعداد جلد چھ ہو جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ "پہلے سیزن کے کامیاب انعقاد کے بعد ناصرف بین الاقوامی کھلاڑیوں نے خود دلچسپی کا اظہار کیا، بلکہ ہمارے حوصلے بھی بڑھے ہیں۔ ہمارا ہدف ہے کہ اس لیگ ٹورنامنٹ کے ذریعے بین الاقوامی کرکٹ کو واپس پاکستان لایا جائے۔"

chacha-cricket