فیصل بینک سپر 8 ٹی ٹوئنٹی: ہاکس نے لیپرڈز کو پچھاڑ دیا
جنگل میں تو شاید یہ ممکن نہ ہو لیکن کرکٹ کے میدانوں میں ہاکس کی ٹیم نے لیپرڈز کے قافلے کو زیر کر کے دکھایا. اقبال اسٹیڈیم، فیصل آباد میں جاری فیصل بینک سپر 8 ٹی ٹوئنٹی کے رنگا رنگ ایونٹ کا تیسرا مقابلہ اسلام آباد لیپرڈز اور حیدرآباد ہاکس کے درمیان ہوا. اسلام آباد کی ٹیم نے زوہیب احمد کی نصف سنچری کے باعث 164 رنز کا قابل دفاع مجموعہ اکھٹا کیا جسے ہاکس کی ٹیم نے اوپنر شرجیل خان کی برق رفتار نصف سنچری کی بدولت حاصل کرلیا.
حیدرآباد ہاکس کی ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے اسلام آباد لیپرڈز کو کھیلنے کی دعوت دی. اسلام آباد کی ٹیم نے پہلے اوور میں اوپنر کی وکٹ گنوائی جس کے بعد عمیر خان (16) اور آفاق رحیم (37) نے اسکور کو سہارا دیا. 66 کے مجموعہ پر یکے بعد دیگرے دونوں مستند کھلاڑیوں کے آؤٹ ہوجانے پر لیپرڈز کے قافلے میں ہل چل مچادی. اس نازک موقع پر شان مسعود (21) اور زوہیب احمد نے ذمہ دارانہ بلے بازی کرتے ہوئے اسکور کو آگے بڑھایا. زوہیب احمد نے شاندار نصف سنچری اسکور کی اور ہاکس کے گیند بازوں کا بھرپور مقابلہ کیا. 164 کے مجموعہ پر زوہیب احمد (55) کی رخصتی کے ساتھ ہی لیپرڈز کے باقی رہ جانے والے کھلاڑی بھی پویلین سدھار گئے. حیدرآباد ہاکس کی جانب سے غلام یاسین نے قابل ذکر گیند بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 4 اوور میں 44 رنز ک عوض 4 کھلاڑیوں کو ٹھکانے لگایا.
165 رنز ہدف کے تعاقب میں ہاکس کا آغاز بہت زبردست رہا. شرجیل خان اور عظیم گھمن (11) نے 64 رنز کی شراکت قائم کر کے فتح کی راہ ہموار کی. شرجیل خان نے 33 گیندوں پر 5 چھکے اور 5 چوکوں کی مدد سے برق رفتار 61 رنز کی اننگ کھیلی. لیپرڈز نے بھی ہمت نہ ہاری اور ان کے گیند باز کھیل میں واپس آنے کے لیے بھرپور کوششیں کرتے رہے. خصوصاَ زوہیب احمد اور راحیل احمد نے ہاکس کے بلے بازوں کو پریشان رکھا. 92 رنز پر دو وکٹیں کھودینے کے بعد فیصل اطہر (24) اور عقیل انجم (29) نے ہدف کا تعاقب ذمہ دارانہ انداز سے جاری رکھا. ابتدائی بلے بازوں کی شاندار کارکردگی نے دیگر کھلاڑیوں کے لیے ہدف کا حصول آسان بنادیا اور یوں آخری اوور کی پہلی گیند پر ہاکس نے مطلوبہ ہدف حاصل کرلیا. زوہیب احمد نے 4 اوورز میں 27 رنز کے عوض 3 وکٹیں حاصل کیں.
حیدرآباد ہاکس کے شرجیل خان کو دھواں دھار اننگ کھیلنے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا. اسلام آباد لیپرڈز کی طرف سے شان مسعود نے اس میچ کے ذریعے اپنے ٹی ٹوئنٹی کیریئر کا آغاز کیا. حیدر آباد ہاکس 27 جون کو اگلے مقابلے میں سیالکوٹ اسٹالینز سے ٹکرائے گی جبکہ اسلام آباد لیپرڈز بھی اسی روز لاہور لائنز سے مقابلے کے لیے میدان میں اترے گی.
حیدرآباد ہاکس بمقابلہ اسلام آباد لیپرڈز
(25 جون 2011ء)
نتیجہ: حیدرآباد ہاکس 3 وکٹ سے کامیاب
پوائنٹس: حیدرآباد ہاکس: 2؛ اسلام آباد لیپرڈز: 0
اسلام آباد لیپرڈز | رنز | گیندیں | چوکے | چھکے | |
---|---|---|---|---|---|
راحیل مجید | ک ایاز جمالی ب فرحان ایوب | 3 | 3 | 0 | 0 |
عمیر خان | ک عظیم گھمن ب غلام یاسین | 16 | 13 | 2 | 0 |
آفاق رحیم | ب غلام یاسین | 37 | 21 | 7 | 0 |
شان مسعود | اسٹمپ ایاز جمالی ب زاہد محمود | 21 | 21 | 1 | 0 |
زوہیب احمد | ک شرجیل خان ب غلام یاسین | 55 | 40 | 6 | 1 |
نعیم انجم | رن آؤٹ (عظیم گھمن / ایاز جمالی) | 4 | 6 | 0 | 0 |
زیشان مشتاق | ب میر علی | 3 | 5 | 0 | 0 |
عماد وسیم | ک میر علی ب غلام یاسین | 4 | 5 | 0 | 0 |
فخر حسین | ب نعمان علی | 7 | 3 | 0 | 1 |
افتخار انجم | ناٹ آؤٹ | 0 | 0 | 0 | 0 |
سعد الطاف | ب نعمان علی | 0 | 1 | 0 | 0 |
فاضل رنز | (3 لیگ بائے؛ 7 وائڈ؛ 4 نوبالز) | 14 | |||
مجموعہ | 19.2 اوورز؛ تمام کھلاڑی آؤٹ | 164 |
حیدرآباد ہاکس | اوورز | میڈن | رنز | وکٹ |
---|---|---|---|---|
فرحان ایوب | 4 | 0 | 38 | 1 |
غلام یاسین | 4 | 0 | 44 | 4 |
نعمان علی | 3.2 | 0 | 29 | 2 |
زاہد محمود | 4 | 0 | 27 | 1 |
میر علی | 4 | 0 | 23 | 1 |
حیدرآباد ہاکس | رنز | گیندیں | چوکے | چھکے | |
---|---|---|---|---|---|
شرجیل خان | ک راحیل مجید ب زوہیب احمد | 61 | 33 | 5 | 5 |
عظیم گھمن | رن آؤٹ (عمیر خان / عماد وسیم) | 11 | 8 | 2 | 0 |
فیصل اطہر | ک زیشان مشتاق ب زوہیب احمد | 24 | 18 | 5 | 0 |
عقیل انجم | اسٹمپ نعیم انجم ب راحیل مجید | 29 | 25 | 1 | 2 |
شاہد قمبرانی | ایل بی ڈبلیو ب زوہیب احمد | 6 | 4 | 1 | 0 |
میر علی | ک شان مسعود ب راحیل مجید | 11 | 11 | 0 | 1 |
ایاز جمالی | ک زیشان مشتاق ب افتخار انجم | 10 | 13 | 1 | 0 |
نعمان علی | ناٹ آؤٹ | 3 | 2 | 0 | 0 |
غلام یاسین | ناٹ آؤٹ | 2 | 1 | 0 | 0 |
فاضل رنز | (3 بائے؛ 2 لیگ بائے؛ 3 وائڈ) | 8 | |||
مجموعہ | 19.1 اوورز؛ 7 کھلاڑی آؤٹ | 165 |
اسلام آباد لیپرڈز | اوورز | میڈن | رنز | وکٹ |
---|---|---|---|---|
افتخار انجم | 3 | 0 | 30 | 1 |
سعد الطاف | 2 | 0 | 29 | 0 |
عماد وسیم | 4 | 0 | 31 | 0 |
آفاق رحیم | 4 | 0 | 31 | 0 |
زوہیب احمد | 4 | 0 | 27 | 3 |
راحیل مجید | 2.1 | 0 | 12 | 2 |