ویسٹ انڈیز نے نائب کپتان کو ہی باہر کا راستہ دکھا دیا
ویسٹ انڈیز نے بھارت کے خلاف دوسرے ٹیسٹ کے لیے اپنے نائب کپتان برینڈن نیش کو ٹیم سے باہر کرتے ہوئے کرک ایڈورڈز کو طلب کر لیا ہے۔ پاکستان کے خلاف سیریز کے بعد بھارت کے خلاف پہلے ٹیسٹ میں بھی ناقص کارکردگی موجودہ دستے کے واحد سفید فام کھلاڑی کے باہر ہونے کا سبب بنی ہے۔ ان کی جگہ ممکنہ طور پر مارلون سیموئلز ٹیم میں جگہ پائیں گے۔
برینڈن نیش نے سبائنا پارک، کنگسٹن میں کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ کی دونوں اننگز میں 1 اور 9 رنز بنائے اور ان سمیت دیگر بلے بازوں کی ناقص کارکردگی ہی ویسٹ انڈیز کی 63 رنز سے شکست کا باعث بنی۔ برینڈن نیش کی ناقص فارم کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ انہوں نے گزشتہ 6 اننگز میں صرف 53 رنز بنائے ہیں اور ان میں 5 اننگز میں وہ دہرے ہندسے میں بھی داخل نہیں ہو پائے۔
ویسٹ انڈین چیئرمین سلیکٹرز کلائیڈ بٹس نے کہا کہ "یہ بات واضح ہے کہ فارم کے حوالے سے نیش اس وقت جدوجہد کر رہے ہیں اور ہم انہیں موقع دینا چاہتے ہیں کہ وہ بین الاقوامی کرکٹ سے کچھ وقفہ لیں اور اپنے فارم کو بہتر بنائیں۔ برینڈن ذہنی طور پر ایک مضبوط کھلاڑی ہے اور ہمیں یقین ہے کہ وہ درپیش چیلنجز پر نمٹنے میں کامیاب ہو جائیں گے اور زبردست انداز میں واپس آئیں گے۔"
بھارت اور ویسٹ انڈیز کا دوسرا ٹیسٹ معرکہ 28 جون سے بارباڈوس میں شروع ہوگا۔ جس کے لیے ویسٹ انڈین دستے کا انتخاب مندرجہ ذیل کھلاڑیوں میں سے ہوگا:
ڈیرن سیمی (کپتان)، ایڈرین بارتھ، لینڈل سیمنز، ڈیرن براوو، رامنریش سروان، شیونرائن چندرپال، مارلون سیموئلز، کارلٹن با، فیڈل ایڈورڈز، روی رامپال، دیوندر بشو، کیمار روچ اور کرک ایڈورڈز۔