محمد حفیظ پر عائد پابندی ختم

بین الاقوامی کرکٹ کونسل نے محمد حفیظ کے نئے باؤلنگ ایکشن کو قانونی قرار دے دیا ہے یعنی اب وہ بین الاقوامی کرکٹ میں ایک مرتبہ پھر باؤلنگ کر سکتے ہیں۔
محمد حفیظ نے اپنے باؤلنگ ایکشن پر نئے سرے سے کام کیا تھا، جس کی جانچ 17 نومبر کو برسبین کے نیشنل کرکٹ سینٹر میں کی گئی۔ نتیجےکے مطابق اب ان کی کہنی میں خم 15 درجے سے کم ہے جو آئی سی سی کی مقررہ حد ہے۔
محمد حفیظ کو نومبر 2014ء میں باؤلنگ سے ہٹایا گیا تھا لیکن اپریل 2015ء میں انہیں باؤلنگ کی اجازت دی گئی تھی۔ پچھلے سال جون میں دورۂ سری لنکا میں ان کے باؤلنگ ایکشن کو ایک مرتبہ پھر رپورٹ کیا گیا تھا جس کے بعد انہیں 12 ماہ کے لیے معطل کردیا گیا تھا۔ اب اگر حفیظ کے باؤلنگ ایکشن کو ایک مرتبہ پھر ناقص قرار دیا گیا تو ان دوبارہ پابندی لگ سکتی ہے۔
امپائروں کو آزادی ہوگی کہ وہ محمد حفیظ پر نگاہ رکھیں اور کسی بھی گیند مشتبہ ہونے کی صورت میں اسے رپورٹ کریں۔
واضح رہے کہ محمد حفیظ نیوزی لینڈ کے آسٹریلیا کے دورے کے لیے بھی قومی ٹیم میں شامل نہیں ہیں۔