بے حال انگلستان تازہ دم ہونے کے لیے دبئی میں

0 1,150

کیا آپ نے کبھی ایسا دیکھا ہے کہ کوئی ٹیم سیریز میں خسارے میں جانے کے بعد اگلے مقابلے سے قبل ذہن کو تازہ دم کرنے کے لیے حریف کا ملک ہی چھوڑ جائے؟ انگلستان ایسا کرنے والا ہے۔ موہالی میں 8 وکٹوں کی بدترین شکست کھانے کے بعد انگلستان کے کھلاڑیوں کو پانچ دن دبئی میں اپنے اہل خانہ کے ساتھ گزارنے کی اجازت ملی ہے۔

ابتدائی تین ٹیسٹ ہو جانے کے بعد انگلستان دو-صفر کے خسارے میں ہے یعنی سیریز جیت تو نہیں سکتا لیکن کم از کم آخری دو مقابلے جیت کر اسے بچا ضرور سکتا ہے۔ سیریز میں انگلستان کی واحد حوصلہ افزا کارکردگی پہلے ٹیسٹ میں رہی جہاں دلچسپ معرکہ آرائی دیکھنے کو ملی اور مقابلہ بغیر کسی نتیجے تک پہنچے ختم ہوا۔ اس کے بعد وشاکھاپٹنم اور موہالی میں انگلستان کی، بالخصوص بلے بازوں کی، کارکردگی بہت مایوس کن رہی۔ یہی وجہ ہے کہ ایلسٹر کک خاص طور پر بلے بازوں سے کچھ کر دکھانے کا مطالبہ کر رہے ہیں۔

بنگلہ دیش میں مایوس کن کارکردگی دکھانے کے بعد بھارت میں انگلستان سے کوئی خاص توقع تو نہیں تھی لیکن گرفت حاصل کرنے کے بعد مقابلہ گنوا بیٹھنا بھی سمجھ سے بالاتر ہے۔ اب کک کہتے ہیں کہ مسلسل تین میچز کے بعد یہ وقفہ کھلاڑیوں کو ذہنی طور پر تیار کرے گا۔ سیریز کا چوتھا ٹیسٹ 8 دسمبر سے ممبئی میں شروع ہوگا اور کک کا کہنا ہے کہ وہ اب باقی مقابلوں راجکوٹ جیسی کارکردگی دہرانے کی کوشش کریں گے۔

England-Batsmen