دورۂ جنوبی افریقہ، سری لنکا کے لیے بڑا چیلنج
زمبابوے کے دورے سے کامیاب لوٹنے کے بعد اب سری لنکا کو بہت بڑے چیلنج کا سامنا ہے، اسے جنوبی افریقہ جانا ہے اور اس کا سامنا کرنا ہے جس نے ابھی آسٹریلیا کو آسٹریلیا میں شکست دی ہے۔
زمبابوے کو ٹیسٹ سیریز میں شکست دینے کے بعد سری لنکا نے اتوار کو سہ فریقی ٹرافی بھی جیتی جس کے فائنل میں اس نے میزبان کو با آسانی ہرایا۔ سری لنکا کو کپتان اینجلو میتھیوز اور ان کے نائب اینجلو میتھیوز کی خدمات حاصل نہیں تھیں لیکن اس ان کی کمی بالکل بھی محسوس نہیں ہوئی۔ سری لنکا نے پورے دورے پر صرف ایک مقابلہ ہارا وہ بھی سہ فریقی سیریز میں جہاں اسے ویسٹ انڈيز نے شکست دی۔ بعد میں اس شکست کا حساب بھی چکتا کیا اور ٹورنامنٹ جیتا۔
اب اینجلو اور چندیمال دونوں کھیلنے کے لیے تیار ہیں، لیکن کوچ گراہم فورڈ کہتے ہیں کہ دورۂ جنوبی افریقہ بالکل مختلف ہوگا "کھلاڑیوں کو کھیل کے تینوں پہلوؤں میں خود کو بہتر بنانا ہوگا۔ ایک بہت بڑا چیلنج ہمارے سامنے ہے۔"
کولمبو پہنچنے کے بعد فورڈ نے کہا کہ "سب جانتے ہیں کہ جنوبی افریقہ کیسا کھیل پیش کر رہا ہے، اس لیے ہمیں بیٹنگ، باؤلنگ اور فیلڈنگ تینوں میں پوری جان لگانا ہوگی۔"
سری لنکا نے زمبابوے کے دورے سے پہلے آسٹریلیا کو ہوم سیريز میں تین-صفر سے شکست دی تھی۔ وسط دسمبر میں ٹیم جنوبی افریقہ روانہ ہوگی جہاں تین ٹیسٹ، اتنے ہی ٹی ٹوئنٹی اور پانچ ایک روزہ میچز کھیلے جائیں گے۔ فورڈ کے مطابق جنوبی افریقہ میں کنڈیشنز زمبابوے سے مختلف ہوں گی اور ٹیم کا انتخاب کرتے ہوئے اس کو مدنظر رکھا جائے گا۔