سری لنکا نے وسیم اکرم کی خدمات حاصل کرلیں

0 1,295

ایک ایسے وقت میں جب پاکستان کے سب "جانے مانے" گیندباز جدوجہد کرتے دکھائی دے رہے ہیں، ایسے رہنما کی اشد ضرورت ہے جو اس بے چرواہے کے ریوڑ کو سنبھالے، وہ فیصلہ جو پاکستان کرکٹ بورڈ کو کرنا چاہیے تھا، سری لنکا کرکٹ نے کر لیا ہے جس نے جنوبی افریقہ کے اہم ترین دورے سے قبل وسیم اکرم کی خدمات حاصل کرلی ہیں۔

50 سالہ وسیم اکرم ایک روزہ تربیتی کیمپ میں کھلاڑيوں کی رہنمائی کے کولمبو پہنچ چکے ہیں۔ جہاں سری لنکا کرکٹ کے سربراہ تھیلانگا سوماتھیپالا نے کہا کہ "ہمیں فخر ہے کہ وسیم اکرم نے ہماری دعوت کو قبول کیا اور اس منصوبے کا حصہ بنے۔" سری لنکا کرکٹ نے کھلاڑیوں کے لیے پروگرامات کا ایک سلسلہ شروع کیا ہے، جس میں غیر ملکی ماہرین کو طلب کیا جائے گا۔ اس سلسلے کا پہلا پروگرام کولمبو میں ایک روزہ کوچنگ کلینک ہے۔ سری لنکا کرکٹ کے سربراہ نے کہا کہ "اگر ٹیم کو درست رہنمائی دی جائے تو 2019ء کا عالمی کپ ہماری گرفت میں ہوگا۔"

بائیں ہاتھ کے دنیا کے بہترین گیندباز سمجھے جانے والے وسیم اکرم نے اپنے کیریئر میں 414 ٹیسٹ اور 502 ایک روزہ وکٹیں لیں جو آج بھی پاکستان کے لیے سب سے زیادہ ہیں۔

سری لنکا نے 1996ء میں عالمی کپ جیتا تھا لیکن اس کے بعد 2007ء اور 2011ء میں فائنل میں شکست کھائی تھی۔ ایسا لگتا ہے کہ وہ تیسری بار ایسا ہوتے نہیں دیکھنا چاہتا۔

عالمی کپ تو ابھی بہت دور ہے البتہ سری لنکا کو رواں ماہ سے جنوبی افریقہ میں تین ٹیسٹ، تین ٹی ٹوئنٹی اور پانچ ون ڈے مقابلوں کی طویل سیریز کھیلنی ہے۔

Wasim-Akram-Thilanga-Sumathipala