محمد عامر دوسرا ٹیسٹ کھیل پائیں گے یا نہیں؟
پاکستان کے تیز گیند باز محمدعامر کے متعلق عمومی تاثر یہی ہے کہ وہ اب اتنے موثر ثابت نہیں ہو رہے جتنے پابندی سے پہلے موثر تھے۔ ایک وکٹ ٹیکر گیند باز ایک ایک وکٹ کو ترسنے لگے تو سمجھ لینا چاہئے حالات پہلے جیسے سازگار نہیں۔
البتہ آسٹریلیا کے خلاف پہلے ٹیسٹ میں عامر قدر بہتر انداز میں نظر آئے اور پہلی اننگ میں 4 وکٹوں کے ساتھ میچ میں مجموعی طور پر 5 کھلاڑی کا شکار کیا۔ اس سے امید کی جا سکتی ہے کہ سیریز کے باقی مقابلوں میں عامر میزبان ٹیم کے لئے شدید خطرہ ثابت ہوں گے۔
مگر اس وقت اصل سوال یہ ہے کہ آیا محمدعامر دوسرا ٹیسٹ کھیل بھی پائیں گے یا نہیں؟ برسبن میں کھیلے گئے سیریز کے پہلے ٹیسٹ میں فیلڈنگ کے دوران محمد عامر زخمی ہو گئے تھے اور ران میں شدید درد اور کھچاو کی شکایت تھی جس کی وجہ سے وہ کچھ دیر میدان سے باہر بھی چلے گئے۔
اس ضمن میں پاکستان بیٹنگ کوچ گرانٹ فلاور نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے تسلی کرائی ہے کہ وہ تھوڑی تکلیف محسوس ضرور کر رہا ہے مگر خطرے کی کوئی بات نہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ محمد عامر دوسرے ٹیسٹ سے پہلے بالکل ٹھیک ہو جائیں گے اور گرین ٹیم پہلے ٹیسٹ والے گیندبازوں کے ساتھ ہی باکسنگ ڈے ٹیسٹ بھی کھیلے گی۔
آسٹریلیا کے خلاف پہلے ٹیسٹ میں محمدعامر نے بہتر گیند بازی کے ساتھ بہت ذمہ داری کے ساتھ بلے بازی بھی کی تھی۔ عامر نہ صرف اس ٹیسٹ کے مرد میدان کے بہترین ساتھی ثابت ہوئے بلکہ پہلے ٹیسٹ کی دوسری اننگ میں 48 رنز کی باری بھی کھیل گئے جو بہت سے پاکستانی بلے بازوں کے لیے ایک مثال رہی۔