دورۂ ویسٹ انڈیز کے لیے ٹیم کا اعلان، ان فٹ عمر اکمل باہر

0 1,075

پاکستان نے دورۂ ویسٹ انڈیز کے ٹی ٹوئنٹی اور ایک روزہ مرحلے کے لیے قومی دستے کا اعلان کردیا ہے جن کی قیادت سرفراز احمد کریں گے۔

قومی سلیکشن کمیٹی کے سربراہ انضمام الحق نے قذافی اسٹیڈیم، لاہور میں اعلان کرتے ہوئے کہا کہ کھلاڑیوں کے انتخاب میں فٹنس اور کارکردگی دونوں کو اہمیت دی گئی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ عمر اکمل کی ممکنہ شمولیت کھٹائی میں پڑ گئی اور وہ اوسط معیار کا فٹنس ٹیسٹ بھی پاس نہ کر سکے اور باہر ہوگئے۔ محمد عامر کو ٹی ٹوئنٹی سیریز میں آرام کا موقع دیا گیا ہے اور صرف ایک روزہ دستے کے لیے منتخب کیا گيا ہے۔ کامران اکمل اور احمد شہزاد دونوں واپس آئے ہیں اور اظہر علی قیادت کے ساتھ ساتھ ٹیم میں جگہ سے بھی محروم ہوگئے۔

پاکستان سپر لیگ میں عمدہ کارکردگی دکھانے والے نوجوانوں پر بھی خاص نظر کرم رکھی گئی ہے۔ فخر زمان، شاداب خان، محمد اصغر، رمان رئیس، عثمان خان کو منتخب کیا گیا ہے جبکہ حیران کن طور پر پی ایس ایل کے کامیاب ترین باؤلر سہیل خان کو طلب نہیں کیا گیا۔

چار ٹی ٹوئنٹی مقابلوں کی سیریز کا آغاز 26 مارچ کو ہوگا جس کے لیے اعلان کردہ دستے میں کپتان سرفراز احمد کے ساتھ احمد شہزاد، کامران اکمل، محمد حفیظ، بابر اعظم، شعیب ملک، فخر زمان، عماد وسیم، شاداب خان، محمد نواز، حسن علی، سہیل تنویر، وہاب ریاض، رمان رئیس اور عثمان خان شنوار شامل ہیں جبکہ تین ون ڈے میچز کے لیے سرفراز احمد کو احمد شہزاد، کامران اکمل، محمد حفیظ، بابر اعظم، شعیب ملک، فخر زمان، آصف ذاکر، عماد وسیم، شاداب خان، حسن علی، وہاب ریاض، محمد عامر، فہیم اشرف، جنید خان اور محمد اصغر پر مشتمل ٹیم دی گئی ہے۔ محدود اوورز کے مرحلے کے بعد پاکستان ویسٹ انڈیز سے تین ٹیسٹ مقابلے بھی کھیلے گا جس کے لیے اسکواڈ کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔