کشمیری قلندر دھمال کرنے کو تیار

0 1,283

پاکستان سپر لیگ کی آمد آمد ہے۔ کرکٹ کا سالانہ بخار بس چڑھنے ہی والا ہے اور ہر گزرتے دن کے ساتھ ٹیموں، اور شائقین کرکٹ کا جذبہ بڑھتا جا رہا ہے۔ 22 فروری سے شروع ہونے والے سیزن میں جہاں بہت کچھ نیا ہوگا وہیں سب کی نظریں ایک 'کشمیری قلندر' پر ہیں، یعنی سلمان ارشاد۔

پی ایس ایل کی تشہیری مہم کے سلسلے میں لاہور قلندرز کے اراکین نے آزاد کشمیر کے شہر راولا کوٹ کا دورہ کیا جہاں ان کا پرتپاک خیر مقدم کیا گیا۔ خاص طور پر سلمان ارشاد مرکز نگاہ تھے جن کے بارے میں لاہور قلندرز کے مالک فواد رانا کا کہنا تھا کہ سلمان کے انتخاب کا سہرا عاقب جاوید کے سر ہے۔

اس موقع پر سلمان ارشاد نے کہا کہ کشمیر میں کرکٹ کے لیے اتنی سہولیات میسر نہیں جتنی پاکستان کے شہروں میں دستیاب ہیں۔ اس لیے وہ لاہور قلندر کی جانب سے موقع دیے جانے کا بھرپور فائدہ اٹھائیں گے اور اپنے انتخاب کو درست ثابت کر کے دکھائیں گے۔ سلمان آزاد کشمیر اور لاہور سمیت پورے پاکستان کا نام روشن کرنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہ وہ محنت کریں تاکہ آئندہ سال لاہور قلندر کے ٹرائلز میں شرکت کریں اور پاکستان سپر لیگ کے اگلے سیزن میں کشمیر سے مزید کھلاڑی بھی کھیلتے نظر آئیں۔

عاقب جاوید نے کہا کہ آسٹریلیا جانے سے سلمان ارشاد کو بہت فائدہ ہوا، اسے جدید ٹریننگ کی وجہ سے بہت مدد ملے گی۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ سلمان ارشاد پاکستان سپر لیگ کے تیسرے سیزن میں زبردست کارکردگی دکھا کر پاکستان کی قومی ٹیم سے کھیلنے والا پہلا کشمیری بنے گا۔ انہوں نے ایک عجیب سی خواہش بھی ظاہر کی کہ سلمان ارشاد پاکستان کی جانب سے بھارت کے خلاف میدان میں اترے اور ویراٹ کوہلی کو کلین بولڈ کرے۔

واضح رہے کہ 22 سالہ سلمان ارشاد تسلسل کے ساتھ 90 میل فی گھنٹے سے زیادہ رفتار کی باؤلنگ کر رہے ہیں اور شعیب اختر تو یہاں تک کہہ رہے ہیں کہ یہ باؤلر میرا تیز ترین گیند کا ریکارڈ توڑ سکتا ہے۔ اب دیکھنا یہ ہے کہ سلمان ارشاد مزید حوصلہ پاتے ہیں یا توقعات کے بوجھ تلے دب جائیں گے؟