کراچی کنگز کو بڑا دھچکا

0 1,740

پاکستان سپر لیگ میں اب تک جس ٹیم نے سب سے حیران کن کارکردگي دکھائی ہے وہ کراچی کنگز کی ہے۔ گزشتہ دو ایڈیشنز کے مقابلے میں اس بار کراچی کنگز تمام شعبوں میں متوازن نظر آتے ہیں اور ان میں جیت کی تڑپ بھی نمایاں ہے لیکن ایک ایسے موقع پر جب ان کی پرواز نے ابھی بلندی پکڑی ہی ہے، ایک بہت بری خبر کراچی کا انتظار کر رہی ہے۔

پشاور کے خلاف دوسرے مقابلے میں کامیابی کے دوران کراچی کی کامیابی میں عامر نے بہت اہم کردار ادا کیا تھا اور تمیم اقبال اور کامران اکمل کی قیمتی وکٹیں دلائي تھیں۔ لیکن اسی مقابلے کے دوران وہ کمر میں تکلیف کی وجہ سے میدان سے باہر چلے گئے تھے اور لاہور قلندرز کے خلاف اہم مقابلے میں شرکت نہیں کی۔ اب خطرہ پیدا ہو گیا ہے کہ کہیں عامر پورے سیزن سے ہی باہر نہ ہو جائیں۔

بلاشبہ کراچی کنگز کے پاس کئی میچ ونر باؤلر ہیں اور لاہور کے خلاف یہ بات ثابت بھی ہوئی لیکن اگلے زیادہ اہم میچز میں کراچی کو ان کی کمی بہت شدت سے محسوس ہوگی کیونکہ عامر کا متبادل کوئی نہیں۔

کپتان عماد وسیم کے مطابق محمد عامر کو کھونا ہمارے لیے کسی دھچکے سے کم نہیں ہوگا۔ فی الوقت یہ بتانا مشکل ہے کہ ان کی انجری کی نوعیت کیسی ہے اور کب تک واپسی ممکن ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے پاس دیگر اچھے کھلاڑی بھی موجود ہیں اور ہم نے متبادل کی منصوبہ بندی کر رکھی ہے۔ امید ہے زیادہ مسئلہ نہیں ہوگا۔
واضح رہے کہ کراچی کنگز کے لیے محمد عامر کا تیسرا سیزن ہے اور اب جبکہ کراچی پہلی بار جامع کارکردگي دکھا رہا ہے، عامر کا باہر ہونا اچھا شگون نہیں ہے۔