کنگز کے ونگز کٹ گئے؟ عامر کے بعد آفریدی بھی باہر

0 1,068

کراچی کنگز پاکستان سپر لیگ 3 میں اب تک ناقابل شکست ہے لیکن ان کی شاندار مہم کو ایک زبردست دھچکا پہنچا ہے کیونکہ اہم ترین کھلاڑی شاہد خان آفریدی زخمی ہوگئے ہیں۔ ان کے بارے میں پتہ چلا ہے کہ وہ اگلے 10 دن تک نہیں کھیل پائیں گے۔

شاہد آفریدی گھٹنے کی انجری کی وجہ سے کراچی کنگز کے گزشتہ روز ملتان سلطانز کے خلاف طے شدہ مقابلے میں شامل نہیں تھے۔ انہیں ایم آر آئی کے لیے ہسپتال بھجوایا گیا جہاں ان کے دائیں گھٹنے میں انفیکشن پایا گیا ہے۔ انہیں ڈاکٹروں کی جانب سے انہیں ڈیڑھ ہفتے آرام کا کہا گیا ہے۔ آئندہ چند روز تک "لالا" کی انجری کابغور معائنہ کیا جائے گا اور اسی کی بنیاد پر آئندہ کا فیصلہ کیا جائے گا ۔ اس لیے یہ خطرہ بدستور موجود کہ کہیں شاہد آفریدی پورے سیزن سے ہی باہر نہ ہو جائیں ۔

واضح رہے کہ کراچی کنگز اپنے چاروں مقابلوں میں سے ایک بھی نہیں ہارا جن میں سے ملتان کے خلاف آخری مقابلہ بارش کی نذر ہوا۔ "لالا" زخمی ہوکر باہر ہونے والے پہلے کھلاڑی نہیں۔ ان سے پہلے کراچی محمد عامر کی خدمات سے محروم ہو چکا تھا جو پشاور زلمی کے خلاف میچ کے دوران صرف دو اوورز کرا پائے تھے اور پھر لاہور کے خلاف میچ نہیں کھیل پائے تھے۔ البتہ انہیں ملتان کے خلاف مقابلے میں فائنل الیون میں جگہ دی گئي تھی، لیکن میچ نہیں ہو سکا۔

اہم کھلاڑیوں کےزخمی ہونے سے کراچی کی مہم پر کتنا برا اثر پڑے گا؟ اس کا حقیقی اندازہ تو اگلے مقابلوں میں ہی ہوگا لیکن یہ ایک کے بعد دوسرے کھلاڑی کا باہر ہونا ٹیموں کے لیے بہت پریشان کن امر ہے۔