ملتان کو کراری شکست، کراچی کنگز چھا گئے

0 1,088

کراچی کنگز نے اہم ترین مقابلے میں ملتان سلطانز کو 63 رنز کی بھاری شکست دے دی ہے اور یوں نہ صرف پوائنٹس ٹیبل پر اپنی پوزیشن مستحکم کرلی ہے بلکہ ملتان کے لیے بھی سنگین مسائل کھڑے کردیے ہیں۔

دبئی میں ہونے والا اس مقابلے کی خاص بات تھی گرما گرم ماحول۔ محمد عامر اور احمد شہزاد کے درمیان تلخ کلامی سے لے کر شاہد آفریدی کی جانب سے نوجوان سیف بدر کو باہر نکلنے کا اشارہ کرنے تک، ہمیں اس میچ میں بہت جارحانہ موڈ دیکھنے کو ملا۔ملتان کو دن بھر میں سوائے ٹاس جیتنے کے باوجود کچھ نہ ملا۔ انہوں نے پہلے کراچی کو بلے بازی کی دعوت دی۔ 34 رنز پر پہلی وکٹ گرنے کے بعد جو ڈینلی اور بابر اعظم کی 118 رنز کی رفاقت نےماحول بنا دیا۔ بابر اعظم نے خلاف توقع صرف 39 گیندوں پر 58 رنز کی باری کھیلی جس میں ایک چھکا اور 6 چوکے بھی شامل تھے جبکہ ڈینلی نے طوفانی اننگز کھیلیں۔ 55 گيندوں پر دو چھکے اور 10 چوکے لگا کر 78 رنز بنائے۔ ان دونوں کی کارکردگی کے بعد جو کسر رہ گئی تھی وہ کولن انگرام نے پوری کردی جنہوں نے صرف 8 گیندوں پر 29 رنز بنائے۔ یہ ان کے چار چھکے ہی تھے جن کی بدولت کراچی نے آخری تین اوورز میں 49 رنز لوٹے۔

188 رنز کا بھاری بھرکم مجموعہ کھڑا کرنے کے بعد کراچی کنگز نے باؤلنگ بھی بہت جاندار کی۔ جب پانچویں اوور میں اسکور 41 رنز کو چھو رہا تھا اور ملتانی اوپنرز کمار سنگاکارا اور احمد شہزاد خوب کھیل رہے تھے، تب محمد عرفان جونیئر نے سنگا کو آؤٹ کرکے ملتان کو پہلا دھچکا دیا۔ کچھ ہی دیر میں عالم یہ تھا کہ صہیب مقصوداور احمد شہزاد بھی آؤٹ ہو چکے تھے۔ صہیب کو عثمان خان نے 11 کے انفرادی اسکور پر ٹھکانے لگایا جبکہ احمد شہزاد 24 رنز بنانے کے بعد عماد وسیم کی گیند پر اسٹمپڈ ہوئے۔ یہاں پر شاہد آفریدی آئے اور چھا گئے۔ انہوں نے کیرون پولارڈ، سیف بدر اور شعیب ملک تینوں کو آؤٹ کرکے ملتان کے رہے سہے امکانات کا بھی ختم کردیا۔

میچ کے آغاز میں جہاں محمد عامر اور احمد شہزاد کے درمیان جھڑپ دکھائی دی، وہیں پر درمیان میں شاہد آفریدی نے سیف بدر کو بھی آؤٹ کرکے میدان سے باہر جانے کا اشارہ دیا۔ یہ دونوں لمحات جہاں ناخوشگوار لگتے ہیں وہیں پھر کرکٹ کے کھیل میں جذبات کی عکاسی کی بہترین مثال بھی تھے۔

بہرحال، ملتان کی اننگز دوبارہ بحال نہ ہو سکی۔ سہیل تنویر کی 34 رنز کی اننگز نے شکست کے مارجن کو کم کیالیکن اس کے باوجود 125 رنز پر آل آؤٹ ہونے سے ٹیم کے نیٹ رن ریٹ کو سخت نقصان پہنچا ہے۔اس وقت ٹیبل پر کوئٹہ اور اسلام آباد سب سے اوپر ہیں جن کے 10، 10 پوائنٹس ہیں جبکہ کراچی اور ملتان 9، 9 پوائنٹس کے ساتھ ان کے پیچھے ہیں۔ البتہ کراچی کو نیٹ رن ریٹ کی وجہ سے ملتان پر برتری حاصل ہے۔

کراچی کو اب روایتی حریف لاہور قلندرز کے خلاف مقابلہ کھیلنا ہے جس کے ساتھ ہی پی ایس ایل کے پہلے مرحلے کے آخری میچز شارجہ منتقل ہو جائیں گے۔