پشاور کو پھر شکست، کوئٹہ بن گیا نمبر ون!

0 1,083

پاکستان سپر لیگ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے پشاور زلمی کو ایک مرتبہ پھر شکست دیتے ہوئے پوائنٹس ٹیبل پر نمبر ایک پوزیشن پر قبضہ کرلیا ہے۔ کپتان سرفراز احمد پر کافی وقت سے ایک فاتحانہ اننگز ادھار تھی، جو انہوں نے آج اتار دیا ہے اور یہ کوئٹہ کے لیے بہت نیک شگون ہے۔

پشاور زلمی کے کپتان ڈیرن سیمی کو کوئٹہ کی دعوت پر پہلے بلے بازی کرنا پڑی اور لگتا تھا کہ کامران اکمل اس کے لیے تیار نہیں تھے۔ پہلی ہی گیند پر انہوں نے محمد نواز کے ہاتھوں اپنی وکٹ گنوائی۔ ڈیوین اسمتھ اور محمد حفیظ نے اس ابتدائی نقصان کی تلافی کی بھرپور کوشش کی اور مجموعے کو 56 رنز تک پہنچایا لیکن اس میں حفیظ کا حصہ صرف 7 رنز کا تھا۔ باقی اسمتھ نے 6 چھکوں کی مدد سے بنائے اور نصف سنچری سے صرف ایک رن قبل آؤٹ ہوگئے۔ یہاں کوئٹہ کے گیند بازوں کی عمدہ لائن اور لینتھ نے رکی ویسلز اور حفیظ کو محتاط انداز اپنانے پر مجبور کردیا جس کی وجہ سے بڑا ہدف دینے کی منصوبہ بندی کو نقصان پہنچا۔ حفیظ 33 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، جس کے بعد کپتان ڈیرن سیمی نے عمدہ بلے بازی کی اور ٹوٹل کو 157 رنز تک پہنچانے میں اہم کردار ادا کیا۔ سیمی نے صرف 19 گیندوں پر 36 رنز بنائے جبکہ ویسلز 31 رنز پر ناٹ آؤٹ رہے۔

کوئٹہ کی موثر بیٹنگ لائن اپ کے لیے 158 رنز کا ہدف خاص مشکل نہ تھا۔ اسد شفیق تو جلد آؤٹ ہوگئے لیکن شین واٹسن کی 37 رنز کی اننگز عمدہ تھی جو انہیں ایک مرتبہ پھر سیزن میں سب سے زیادہ رنز بنانے والا بیٹسمین بنا گئی۔ کیون پیٹرسن نے دو چھکے جڑے لیکن اپنے جارحانہ موڈ پر قابو نہ پا سکے اور لیام ڈاسن کے ہاتھوں ہی آؤٹ ہوگئے۔ رمیز راجہ جونیئر بھی کچھ جلدی میں تھے، یہاں تک کہ 84 کے مجموعے پر کوئٹہ کی چار وکٹیں گرگئیں۔ اس مرحلے پر رائلی روسو اور کپتان سرفراز احمد نے اننگز کو سنبھالا اور بغیر کسی جلدی کے، یا مزید دباؤ لینے کے، 74 رنز کی فاتحانہ شراکت داری کی۔ یعنی مزید کوئی وکٹ گرائے بغیر انہوں نے آخری اوور میں ہدف کو جا لیا۔ سرفراز 45 اور روسو 31 رنز کے ساتھ ناقابل شکست رہی۔

یہ سیزن میں کوئٹہ کی پانچویں کامیابی تھی جس نے اسے پوائنٹس ٹیبل پر سب سے اوپر پہنچا دیا ہے۔ ابھی کوئٹہ کے دو میچز باقی ہیں جہاں کامیابی اس کی پوزیشن کو مزید مضبوط کر سکتی ہے۔ دیکھتے ہیں سرفراز الیون آگے کیا کارنامے دکھاتی ہے؟