شاہد آفریدی کا ایک اور ریکارڈ

0 3,397

شاہد آفریدی بلاشبہ پاکستان کرکٹ کی تاریخ کے عظیم ترین کھلاڑیوں میں سے ایک ہیں، خاص طور پر محدود اوورز کی کرکٹ میں۔ وہ بلّے بازی میں غیر مستقل مزاج ضرور ہیں لیکن جس طرح کی دھواں دار کرکٹ وہ کھیلتے ہیں، اس کی وجہ سے دنیا بھر کی ٹی ٹوئنٹی لیگز میں ان کی بڑی مانگ ہے۔

اس وقت "لالا" پاکستان سپر لیگ میں اپنے شہر کراچی کی نمائندگی کر رہے ہیں۔ گو کہ یہاں بھی بلے بازی میں کوئی خاص جوہر نہیں دکھا پائے۔ سات میچز میں صرف 43 رنز بنائے ہیں لیکن اپنی دھواں دار بلے بازی کی کجھ جھلکیاں ضرور دکھا چکے ہیں۔

پشاور زلمی کے خلاف گزشتہ روز جس مقابلے میں کراچی کنگز کو 44 رنز سے شکست ہوئی اس میں شاہد آفریدی جتنی دیر میدان میں رہے، باؤلرز کی ناک میں دم کیے رکھا۔ انہوں نے صرف 8 گیندوں پر 26 رنز کی اننگز کھیلی یعنی 325 کے اسٹرائیک ریٹ سے۔ اس اننگز نے کراچی کے امکانات یکدم روشن کردیے تھے لیکن فوراً بجھ بھی گئے۔

اس مختصر اننگز میں "لالا" نے پشاور کے نوجوان باؤلر ثمین گل کو مسلسل تین چھکے رسید کیے۔ یہی نہیں بلکہ اپنی اگلی ہی گیند پر اسپنر لیام ڈاسن کو بھی چھکا لگا دیا یعنی مسلسل چار گیندوں پر چار چھکے۔ وہ ایسا کرنے والے تاریخ کے پہلے بلے باز بن چکے ہیں یعنی پہلے بیٹسمین جنہوں نے کسی لیگ کے دوران مسلسل چار گیندوں پر چھکے لگائے ہوں۔

پی ایس ایل میں باؤلنگ میں تو شاہد آفریدی کا جادو چل ہی رہا ہے۔ وہ 11 وکٹوں کے ساتھ اس وقت کراچی کنگز کے سب سے نمایاں باؤلر ہیں۔

کراچی آج اسلام آباد یونائیٹڈ کے خلاف آخری مقابلے کے ذریعے پلے-آف مرحلے تک پہنچنے کی کوشش کرے گا اور اس میں نمایاں کردار شاہد آفریدی کا ہوگا۔