پی ایس ایل، راؤنڈ مرحلے کے آخری دن فیصلہ کن مقابلے

0 1,014

پاکستان سپر لیگ سیزن III میں تمام چھ ٹیموں کے مابین 10، 10 مقابلوں کا پہلا مرحلہ آج مکمل ہو جائے گا۔ کوئٹہ اور ملتان پہلے ہی 10 میچز مکمل کر چکے ہیں جبکہ بقیہ چاروں کے آج مکمل ہو جائیں گے۔

اس وقت صورتحال کچھ یوں ہے کہ اسلام آباد یونائیٹڈ اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز پہلے ہی پلے آف مرحلے کے لیے کوالیفائی کر چکی ہیں اور لاہور قلندرز ایونٹ سے باہر ہو چکا ہے۔ اس طرح آج کے میچز بقیہ تینوں ٹیموں کی قسمت کا فیصلہ کریں۔ یاد رہے پوائنٹس ٹیبل پر اسلام آباد یونائیٹڈ 12 پوائنٹس کے ساتھ سرفہرست ہے اور 10 پوائنٹس کے ساتھ اس کے بعد کوئٹہ گلیڈی ایٹرز موجود ہے۔ کراچی کنگز اور ملتان سلطان کے 9، 9 پوائنٹس ہیں جبکہ پشاور زلمی 8 پوائنٹس کے ساتھ پانچویں نمبر پر ہے۔

آج پہلا مقابلہ کراچی کنگز اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے مابین کھیلا جائے گا۔ اسلام اباد کو ہار یا جیت سے فرق نہیں پڑے گا مگر کراچی جیت کی صورت میں یقینی طور پر پلے آف کی طرف بڑھ جائے گا ورنہ اسے ملتان سلطان کے مابین پوائنٹس ٹیبل پر بہتر اوسط کی جنگ لڑنا ہو گی۔

جبکہ دوسرا مقابلہ پشاور زلمی اور لاہور قلندر کے مابین ہو گا۔ ادھر بھی لاہور قلندر کو اب ہار جیت سے کوئی فرق نہ پڑے گا مگر پشاور زلمی شکست کی صورت میں ملتان اور کراچی کے لیے راہ ہموار کر کے ایونٹ سے باہر ہو جائے گی اور جیت کی صورت میں پلے آف کے لیے کوالیفائی کر جائے گی۔