"لالا" اور "ملک صاحب" ورلڈ الیون میں شامل

0 1,368

ورلڈ ٹی ٹوئنٹی چیمپیئن رہنے والے شاہد آفریدی، شعیب ملک اور تھیسارا پیریرا اولین کھلاڑی بن گئے ہیں جنہوں نے رواں سال 31 مئی کو لارڈز میں ویسٹ انڈیز کے خلاف ورلڈ الیون کے مقابلوں میں شرکت کی تصدیق کردی ہے۔ یہ مقابلہ ویسٹ انڈیز میں گزشتہ سال طوفانوں سے متاثر ہونے والے دو اسٹیڈیمز کی ازسرنو تعمیر کے لیے رقوم اکٹھی کرے گا۔

شاہد آفریدی اور شعیب ملک 2009ء میں لارڈز کے اسی مقام پر ورلڈ ٹی ٹوئنٹی جیتنے والی پاکستانی ٹیم کا حصہ تھے جبکہ تھیسارا پیریرا نے 2014ء میں ڈھاکا میں ہونے والے بھارت-لنکا تاریخی فائنل میں خوبصورت ٹرافی اٹھائی تھی۔

یہ تینوں چیمپیئن کھلاڑی آئی سی سی ورلڈ الیون کا اہم حصہ بنیں گے کہ جس کی قیادت انگلینڈ کے ایون مورگن کے پاس ہوگی جبکہ دیگر کھلاڑیوں کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔

کارلوس بریتھویٹ کی قیادت میں ویسٹ انڈیز اس وقت ٹی ٹوئنٹی کا عالمی چیمپیئن ہے اور یہ اعزاز دو مرتبہ جیتنے والی واحد ٹیم ہے۔ بریتھویٹ کو کرس گیل، مارلون سیموئلز، سیموئل بدری اور آندرے رسل جیسے کھلاڑیوں کا ساتھ حاصل ہوگا۔