دورۂ آئرلینڈ و انگلینڈ، پاکستانی ٹیم پیر کو روانہ ہوگی

0 1,018

دورۂ آئرلینڈ و انگلینڈ کے لیے اعلان کردہ پاکستانی ٹیم سوموار کو بیرون ملک روانہ ہو جائے گی۔

قومی ٹیم کا تربیتی کیمپ ہیڈ کوچ مکی آرتھر کی نگرانی میں بدھ کو قذافی اسٹیڈیم، لاہور میں شروع ہوا جس کے لیے 16 رکنی دستے کے تمام اراکین نے حصہ لیا۔ یہ ٹیم آئرلینڈ کے خلاف تاریخ کا پہلا ٹیسٹ کھیلنے کے بعد دو مزید ٹیسٹ میچز کے لیے انگلینڈ جائے گی۔

دورے کے لیے دستے کے اعلان نے ہی کافی ہنگامہ کھڑا کردیا ہے کہ جس میں چیف سلیکٹر انضمام الحق کے بھتیجے امام الحق کی شمولیت اور فواد عالم کو ایک مرتبہ پھر نظر انداز کیے جانے کا فیصلہ ذرائع ابلاغ کی زینت بنا رہا ہے۔ بہرحال، 11 مئی سے آئرلینڈ کے خلاف ٹیسٹ شروع ہو جانے کے بعد یہ سب باتیں ماضی کا حصہ بن جائیں گی۔ پاکستان کے دورۂ انگلینڈ کا باضابطہ آغاز 24 مئی کو لارڈز میں پہلے ٹیسٹ سے ہوگا جبکہ دوسرا ٹیسٹ یکم جون سے لیڈز میں کھیلا جائے گا۔

دورے کے لیے پاکستان کی اعلان کردہ ٹیم ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے:

سرفراز احمد (کپتان)، اظہر علی، امام الحق، سمیع اسلم، حارث سہیل، بابر اعظم، فخر زمان، سعد علی، اسد شفیق، عثمان صلاح الدین، شاداب خان، محمد عامر، محمد عباس، حسن علی، راحت علی اور فہیم اشرف۔