ویراٹ کوہلی اب ٹائم میگزین میں بھی
ویراٹ کوہلی دنیائے کرکٹ کے سب سے بڑے اسٹار ہیں اور اگر اب بھی اگر کسی کو شک ہے تو ٹائم میگزین نے اس کا بھی خاتمہ کردیا ہے۔ معروف جریدے نے 2018ء کے لیے اپنی '100 مؤثر ترین شخصیات' کی فہرست میں بھارتی کپتان کو بھی شامل کیا ہے۔
کوہلی کھیل کے شعبے سے تعلق رکھنے والی ان چھ شخصیات میں سے ایک ہیں جو اس فہرست میں شامل کیے گئے ہیں بلکہ ٹینس چیمپیئن راجر فیڈرر کے ساتھ واحد نام ہے جس کا تعلق امریکا سے نہیں۔
29 سالہ کوہلی اس وقت ایک روزہ کرکٹ میں دنیا کے بہترین بیٹسمین ہیں اور 2017ء میں انہوں نے تینوں فارمیٹس کو ملا کر 11 سنچریوں کی مدد سے 2818 رنز بنائے تھے۔ یہ کمار سنگاکارا اور رکی پونٹنگ کی جانب سے بالترتیب سال 2014ء اور 2005ء میں بنائے گئے رنز کے بعد تاریخ کی سب سے بہترین کارکردگی ہے۔
اسی سال بھارت نے آسٹریلیا، بنگلہ دیش اور سری لنکا کے خلاف ٹیسٹ سیریز جیتیں، چیمپیئنز ٹرافی کے فائنل تک پہنچا اور انگلینڈ، ویسٹ انڈیز، سری لنکا، آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کے خلاف ون ڈے سیریز میں کامیابیاں حاصل کیں اور یہ سب کوہلی کی کپتانی میں کیا۔