آئی سی سی اجلاس: بدتمیز کھلاڑیوں کو سخت سزاؤں کی سفارش

0 1,491

آئی سی سی کی کرکٹ کمیٹی کے اجلاس میں کرکٹ میں اخلاقی معیار کو برقرار رکھنے کے لئے بہت سی تجاویز مرتب کر لی ہیں، اس کے علاوہ اسی کمیٹی نے ٹیسٹ کرکٹ میں ٹاس ختم کرنے کی تجویز کو بھی مسترد کردیا ہے جس سے ورلڈ ٹیسٹ چیمپیئن شپ کے دوران ٹاس ختم ہونے کا امکان ختم ہو گیا ہے۔

انڈیا کے سابق اسپنر انیل کمبلے کی سربراہی میں قائم آئی سی سی کرکٹ کمیٹی کا دو روزہ اجلاس منعقد ہوا جس میں جہاں ٹیسٹ کرکٹ میں ٹاس کو ختم کرنے کی تجویز کی مخالفت کی گئی ہے، وہیں پر کھلاڑیون کو اخلاق کے دائرے میں رکھنے کے لئے مزید تجاویز بھی مرتب کی گئی ہیں جنہیں آئندہ ماہ آئی سی سی چیف ایگزیکٹیوز کمیٹی میں پیش کیا جائے گا۔

تفصیل کے مطابق کمیٹی نے کھلاڑیوں کے مابین بڑھتے تنازعات اور گالم گلوچ کے علاوہ بال ٹیمپرنگ جیسے واقعات کو کنٹرول کرنے کے لئے بہت سی اقدامات تجویز کئے ہیں اور ساتھ ہی ایسے بدتمیز کھلاڑیوں کے لئے سزاؤں میں اضافے کی بھی شامل کی گئی ہیں جبکہ کسی کھلاڑی یا ٹیم کے خراب رویے پر بورڈ اور کوچنگ اسٹاف سے بھی بازپرس کرنے کی سفارش کی گئی ہے۔

اس کے لئے علاوہ ٹیسٹ میچ میں دونوں ٹیموں کے لئے منصفانہ مواقعے مہیا کرنے پر بھی تفصیلی بات ہوئی ہے، پہلے میزبان ٹیم پچ کی تیاری اپنی مرضی کے مطابق کر کے ایڈوانٹیج حاصلکر لیتی تھی اسی لئے ٹاس ختم کر کے مہمان ٹیم کو فیصلے کا اختیاردینے کی تجویز سامنے آئی تھی مگر کرکٹ کمیٹی نے اسے رد کر کے ایسی وکٹیں تیار کرنے کا کہا ہے جہاں پر بلے اور گیند دونوں میں توازن رہے، غیر موزوں وکٹوں کی روک تھام کے لئے مزید تجاوز بھی دی ہیں۔

ٹیسٹ چیمپئن شپ کیلیے پوائنٹس سسٹم کی بھی سفارش موجود ہے، صرف میچ کی بنیاد پر پوائنٹس ملیں گے، سیریز کامیابی پر کچھ ہاتھ نہیں آئے گا اور فائنل میچ کیلیے اضافی دن مقرر کرنے کا بھی مشورہ دے دیا ہے۔

کمیٹی نے میچ آفیشلز کو زیادہ اختیارات دینے کی بھی بات کی ہے، بورڈ کی جانب سے ٹیم قیادت کو جوابدہ بنانے، مہمان ٹیموں کو مناسب پریکٹس سہولیات کی فراہمی، وارم اپ میچز اور مناسب لاجسٹک انتظامات کے علاوہ نوجوان کھلاڑیوں کو اسپرٹ آف کرکٹ کے متعلق آگاہی فراہم کرنے کی تجاویز کو بھی شامل کیا ہے۔