ایشیا کپ 2012ء: ایشین کرکٹ کونسل نے نئی تاریخوں کا اعلان کر دیا
ایشین کرکٹ کونسل نے بنگلہ دیش میں ہونے والے ایشیا کپ 2012ء کے لیے نئی تاریخوں کا اعلان کر دیا ہے جس میں میزبان بنگلہ دیش کے علاوہ بھارت، سری لنکا اور پاکستان کی ٹیمیں حصہ لیں گی.
ابتدائی تواریخ کے مطابق ایشیا کپ یکم سے 11 مارچ 2012ء تک ڈھاکہ، بنگلہ دیش میں کھیلا جانا تھا لیکن اس دوران بھارت اور سری لنکا کی آسٹریلیا میں ایک سہ فریقی سیریز میں مصروفیت کے باعث دونوں اہم ٹیموں کی شرکت کے حوالے سے مسائل پیدا ہو رہے تھے. ایشین کرکٹ کونسل نے اس کو مدنظر رکھتے ہوئے شریک بورڈز اور میزبان بنگلہ دیش سے مذاکرات کے بعد ایشیا کپ کی تاریخیں تبدیل کر دی ہیں جس کے مطابق ایشیا کپ 12 سے 22 مارچ تک ڈھاکہ میں کھیلا جائے گا.
بھارتی ٹیم اس وقت ایشیا کپ کی دفاعی چیمپئن ہے. بھارت نے 2010ء میں سری لنکا میں کھیلے گئے ایشیا کپ کے فائنل میں میزبان ٹیم کو شکست دے کر ایشیائی چیمپئن ہونے کا اعزاز حاصل کیا تھا. بھارتی ٹیم کو سب سے زیادہ 5 بار ایشیائی چیمپئن بننے کا اعزاز بھی حاصل ہے جبکہ سری لنکن ٹیم 4 اور پاکستانی ٹیم صرف 1 بار ہی ٹائٹل حاصل کرنے میں کامیاب ہوسکی ہے.